نصرت عباسی فنکشنل لیگ کی طرف سے اپوزیشن لیڈرکی امیدوار نامزد

13محرم کے اجلاس میں فنکشنل لیگ کے منشور کا اعلان کیا جائے گا،صدرالدین راشدی

فنکشنل لیگ نے ایم پی اے نصرت سحرعباسی کو سندھ اسمبلی میںاپوزیشن لیڈرکے عہدے کیلیے امیدوار نامزد کردیا ہے ، فوٹو : فائل

پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ، سندھ کے صدر پیر صدرالدین شاہ راشدی نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام پر حکومت ہمارے نکات مان بھی لے تو ہم اپوزیشن کا کردار ادا کرینگے۔


فنکشنل لیگ نے ایم پی اے نصرت سحرعباسی کو سندھ اسمبلی میںاپوزیشن لیڈرکے عہدے کیلیے امیدوار نامزد کردیاہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے فنکشنل لیگ کی صوبائی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ محرم الحرام کے بعد پیر صاحب پگارا سندھ میںایک جلسہ کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ 13محرم کے اجلاس میں فنکشنل لیگ کے منشور کا اعلان کیا جائے گا ، منشور میں غربت ،منہگائی اور زراعت کے شعبے پر فوکس کیا گیااور یہ سندھ کے عوام کے تمام ایشوز کو سامنے رکھ کر بنایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ فنکشنل لیگ اپنے پلیٹ فارم سے ہی الیکشن لڑے گی۔

انھوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام پر ترامیم کے لیے ہم نے حکومت کو 9نکات پیش کیے ہیں ، حکومت مان بھی لے تو ہم حکومت میں واپس نہیں جائیں گے۔اس موقع پر سید مظفر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ میں پولنگ اسکیم کی تبدیلی کے حوالے سے ہم نے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن عدلیہ کی نگرانی میں کرائے جائیں اور امن وامان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے انتخابات کے دوران فوج کو لایا جائے۔ اجلاس میں کراچی سمیت پورے سندھ میں امن وامان کی صورتحال ،کالاباغ ڈیم، لوکل گورنمنٹ، اور سیلاب زدگان کی مد د اور وہاں ہونے والی کرپشن پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔
Load Next Story