وزیراعلیٰ سندھ کی اسمبلی کوارٹرز متاثرین کو متبادل رہائش فراہم کرنے کی ہدایت

قائم علی شاہ نے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری سروسز کو فون کرکے متاثرین کو دستیاب گھر فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

قائم علی شاہ نے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری سروسز کو فون کرکے متاثرین کو دستیاب گھر فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری سروسز کو سندھ اسمبلی کے کوارٹرز متاثرین کو فوری طور پر متبادل رہائش گاہ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی کی ہدایت پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سندھ اسمبلی کے کوارٹرز متاثرین کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری سروسز کو فون کیا اور انہیں متاثرین کو فوری طور پر دستیاب گھروں اور فلیٹوں میں شفٹ کرنے کی ہدایت کی جب کہ سیکریٹری سندھ اسمبلی نے بھی متاثرین کو فوری گھر ملنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔


ذرائع کے مطابق متاثرین کو فوری طور پر دوسری جگہ منتقل کردیا جائے گا تاہم اس وقت تک انہیں وہ تمام سہولیات مہیا کی جائیں گی جو انہیں پہلے دستیاب تھیں جس کے لیے متاثرین کے گھروں کے گیس کنکشن بھی بحال کردیئے گئے ہیں جب کہ پانی اور بجلی کے کنکشن بھی جلد مہیا کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

واضح رہے سندھ اسمبلی میں پارکنگ منصوبے کی تعمیر کے لیے احاطے میں موجود رہائشی ملازمین کے کوارٹرز اچانک مسمار کرنے پر متاثرین گزشتہ 4 روز سے احتجاج کررہے تھے۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ ہمارے گھر اچانک گرائے گئے جس کی وجہ سے ہم دفعتاً بے گھر ہو گئے ہیں اور ہمارے پاس سر چھپانے کا آسرا بھی نہیں۔

Load Next Story