تیراہ میں بمباری سے مزید 10شدت پسند ہلاک باڑہ سے 3لاشیں ملیں 

سیرئی میں شدت پسندوں کے 4ٹھکانے تباہ،گولہ گرنے سے8افرادزخمی،برقمبرخیل میں ممکنہ آپریشن ،جرگہ نے پیرتک مہلت مانگ لی

متنی،بڈھ بیرمیں اضافی چیک پوسٹیں قائم،2بم ناکارہ،جمرودسے2 تاجراغوا، ہنگومیں دھماکا،ایک زخمی، سوات میں 50گرفتار۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
خیبرایجنسی کے دور افتادہ علاقہ تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مزید10 شدت پسند ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔


این این آئی کے مطابق سیرئی گائوں میں گن شپ ہیلی کاپٹروں اور جیٹ طیاروں کی بمباری میں 4 ٹھکانے تباہ ہوگئے ، اس دوران 10 شدت پسند ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے، نالہ کجوری میں شدت پسند کمانڈر کا گھر اڑادیا گیا، ملک دین خیل میں مارٹرگولہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 8 افراد زخمی ہو گئے، باڑہ کے نواحی علاقہ سپاہ منڈی میں ایک گھر سے 3 افراد کی گولیوں چھلنی لاشیں ملی ہیں ، جمرود سے 2 تاجروں کو اغوا کرلیا گیا۔ ادھر باڑہ کے علاقہ برقمبر خیل میں ممکنہ آپریشن روکنے کیلئے جرگہ مشران نے پولیٹیکل انتظامیہ کی شرائط ماننے کیلیے پیر تک کی مہلت مانگ لی جبکہ پولیٹیکل ایجنٹ خیبرایجنسی نے خبردار کیاکہ اگر شرائط نہ مانی گئیں تو آپریشن شروع کیا جائیگا ۔

علاقہ میں کرفیو بدستورنافذ رہیگا۔ باڑہ میں آپریشن کے پیش نظر پشاور میں سیکیورٹی برقرار رکھنے کیلیے متنی اور بڈھ بیر میں پولیس کی 11 اضافی چیک پوسٹیں قائم کردی گئیں، پولیس نے بازار کلاں اور چمکنی میں 2 بم ناکارہ بنادیئے، بڈھنی میں نہر کے قریب سے افغان شہری کی لاش ملی، ریگی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ہنگو کے علاقہ فیروز غنڈی میں سوزوکی میں بم دھما کے سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیاجبکہ سوزوکی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ سوات میں امن کمیٹی کے رکن فضل غنی پر قاتلانہ حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی، سرتلیگرام میں آپریشن کے دوران 2 خواتین سمیت 50 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ تیمر گرہ میں افغان آرمی کے اہلکار سمیت 7 مہاجروں کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ اورکزئی ایجنسی کے علاقہ ڈاپہ میں فریقین کے مابین تصادم میں باپ بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
Load Next Story