ناقص سیکیورٹی کے باعث لاہور کی 3 جامعات بند 50 اسکولز سیل

بہاؤالدین ذکریا یونی ورسٹی لاہور کیمپس، یو ای ٹی اور لاہور کالج فار وومن یونی ورسٹی بند کردی گئی ہیں۔

ناقص سیکیورٹی انتظامات پر یونی ورسٹی آف سرگودھا بھکر کیمپس کو بھی سیل کر دیا گیا۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

ناقص سیکیورٹی انتظامات کے باعث 3 یونیورسٹیوں کو 31 جنوری تک بند کر دیا گیا ہے۔

لاہور میں ناقص سیکیورٹی صورت حال کے باعث 3 جامعات کو 31 جنوری تک بند کر دیا گیا جب کہ ان دنوں ہونے والے امتحانات کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔ ناقص سیکیورٹی کے باعث بند ہونے والی جامعات میں بہاؤالدین ذکریا یونی ورسٹی لاہور کیمپس، یونی ورسٹی آف انجیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) اور لاہور کالج فار وومن یونی ورسٹی شامل ہیں۔ بہاوالدین ذکریا یونی ورسٹی کے گرلز ہاسٹلز کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے جب کہ ناقص سیکیورٹی انتظامات پر یونی ورسٹی آف سرگودھا بھکر کیمپس کو ضلعی انتظامیہ نے سیل کر دیا۔


اس کے علاوہ سیکیورٹی انتظامات نہ کرنے پر لاہور میں 50 اسکول سیل جب کہ ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور جہلم میں بھی متعدد اسکول اور کالجز بند کر دیئے گئے ہیں۔ گجرانوالہ میں متعدد نوٹسز کے باوجود سیکیورٹی انتظامات مکمل نہ کرنے پر 3 اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز کو معطل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں آرمی کے تحت چلنے والے تمام گیریژن اسکولز کو سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کردیا گیا تھا جنھیں یکم فروری سے دوبارہ کھولا جائے گا۔

Load Next Story