کوئلے کی ترسیل ریلوے کے نجی کمپنیوں سے معاہدے

کاروباری سرگرمیوں اورروزگارکے مواقع میں اضافہ ہوگا اور سڑکوں پر ٹریفک کا بوجھ کم ہوگا، خواجہ سعد رفیق

کاروباری سرگرمیوں اورروزگارکے مواقع میں اضافہ ہوگا اور سڑکوں پر ٹریفک کا بوجھ کم ہوگا، خواجہ سعد رفیق فوٹو:فائل

وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کے نجی تجارتی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے سے روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور بے روز گاری میں کمی آئے گی۔

ان معاہدوں سے کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی اور سڑکوں پر ٹریفک کا بوجھ بھی کم ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کوریلویز ہیڈ کوارٹرزلاہور میں پاکستان ریلویز اور2 ٹریڈنگ کمپنیوں کے درمیان کوئلے کی ترسیل کے حوالے سے مفاہمتی یاداشت (ایم اویو) پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ معاہدوں سے حاصل ہونے والی رقم پسنجر ٹرینوں پر خرچ کی جائے گی تاکہ مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں پہنچائی جا سکیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ٹریڈ کمپنیوں نے پہلے بھی پاکستان ریلویز کے ساتھ کامیاب پارٹنر شپ کی ہے جس پر میں ان کمپنیوں کے نمائندگان اور پاکستان ریلویز کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں دونوں پارٹیوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے پاکستان ریلویز میں خطیر رقم جمع کرائی ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا مذکورہ پارٹیاں مزید بزنس لیکر آئیں تاکہ ہمارا ملک اور محکمہ ریلوے دن دگنی رات چگنی ترقی کرسکے۔


تقریب میں پہلا معاہدہ پاکستان ریلویز اور میسرز اعوان ٹریڈنگ کمپنی کراچی کے درمیان ہوا جس پر پاکستان ریلویز کے چیف مارکیٹنگ مینجر عبدالحمید رازی اور اعوان ٹریڈنگ کمپنی کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ بریگیڈیئر (ر)محمد اعظم نے دستخط کیے۔ دوسرا معاہدہ پاکستان ریلویز اور میسرز چشتیاں لاجسٹک کے درمیان ہوا جس پر پاکستان ریلویز کے سی ایم ایم عبدالحمید رازی اور چشتیاں لاجسٹک کے پروپرائیٹر عبدالطیف نے دستخط کیے۔

پہلے معاہدے کے مطابق اعوان ٹریڈنگ کمپنی کراچی پورٹ ایریا، بن قاسم ریلوے سٹیشن اور پورٹ محمد بن قاسم سے چیچو کی ملیاں، فیصل آباڈ ڈرائی پورٹ اور شاہدرہ باغ ریلوے اسٹیشن تک ماہوار 20ہزارٹن کوئلے کی ترسیل بذریعہ ریلوے کرے گی اور فریٹ ڈپازٹ اکاؤنٹ (ایف ڈی اے)کی مد میں 250ملین روپے جمع کروائے گی۔

اس معاہدہ کی مدت 6ماہ ہو گی جسے باہمی رضا مندی سے مزید 6ماہ کیلیے بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔ اسی طرح دوسرے معاہدے میں میسرز چشتیاں لاجسٹک کراچی پورٹ ایریا اسٹیشن بن قاسم ریلوے اسٹیشن اور پورٹ محمد بن قاسم سے چیچو کی ملیاں کھیوڑہ، پنڈدادنخان اور فیصل آباد ریلوے اسٹیشنوں تک ماہوار 7500ٹن کوئلے کی ترسیل کرے گی اور فریٹ ڈپازٹ اکاؤنٹ (ایف ڈی اے) کی مد میں 150 ملین روپے جمع کروائے گی، اس معاہدے کی مدت 10ماہ ہو گی، جو باہمی رضا مندی سے مزید بڑھائی بھی جا سکتی ہے۔
Load Next Story