انڈر19کرکٹ لاہور شالیمار نے حیدرآباد کو اننگز سے شکست دے دی

ولید الیاس کے 62 رنز، محمد ولید نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

بہاولپور اور کراچی وائٹس کا میچ ڈرا کی جانب گامزن. فوٹو: فائل

انٹر ریجن ڈپارٹمنٹل انڈر19 سہ روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں لاہور شالیمار نے حیدرآبادکو اننگز اور5 رنز سے شکست دیدی، نیاز اسٹیڈیم حیدر آباد میں لاہور شالیمار کے بولرز نے میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 30پر ڈھیر کرنے کے بعد دوسری میں بھی185 پر ٹھکانے لگا دیا۔

کھیل کے پہلے روز لاہور نے3 وکٹ پر220 بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کی تھی، دوسرے روز میزبان نے36رنز ایک وکٹ سے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلیے154 رنز درکارتھے، بیٹسمین مزید149 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے چلتے بنے، ولید الیاس نے62 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کی، محمد ولید نے4 اور اسفند مہران نے3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔لانڈھی کرکٹ گرائونڈ کراچی میں بہاولپور اور کراچی وائٹس کا میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے، میزبان نے 226 کے جواب میں پہلی باری میں 253 رنز بنائے، سعود شکیل نے111 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، بہاولپور نے دوسری اننگز میں2 وکٹوں پر 21 رنز بنا لیے ہیں۔


ملتان اسٹیڈیم میں کوئٹہ کے مقابل ملتان نے اپنی پہلی اننگز 299 رنز پر ڈیکلیئرڈ کردی، کوئٹہ نے 240 رنز بنائے، کمیل عباس 4 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔ ڈائمنڈ گرائونڈ اسلام آباد میں کراچی بلوز اور میزبان کے میچ کا بھی اتوار کو فیصلہ متوقع ہے، آخری روز اسلام آباد کو183 رنز جبکہ کراچی کو8 وکٹوں کی ضرورت ہو گی۔ایل سی سی اے گرائونڈ میں لاہور راوی اور ایبٹ آبادکا میچ دلچسپ صورت اختیار کرگیا، تیسرے روز میزبان کو فتح کیلیے181 اور حریف کو6 وکٹیں درکار ہوں گی،دوسری باری میں لاہور کے بولرز نے ایبٹ آباد کے بیٹسمینوں کو کھل کر کھیلنے کاموقع نہ دیا اور 115 پر ٹھکانے لگا دیا۔

محمد آصف نے 4 جبکہ حیدر علی اور نواز نے3،3 وکٹیں لیں،لاہور راوی نے4وکٹ پر83 رنز بنا لیے اسے فتح کیلیے مزید98 رنز کی ضرورت جبکہ 6 وکٹیں باقی ہیں۔ پشاور کو راولپنڈی کیخلاف اننگز کی شکست سے بچنے کیلیے 109 رنز درکار جبکہ صرف 5وکٹیں باقی ہیں،راولپنڈی نے احسن عباسی کے ناقابل شکست 125 رنز کی بدولت6 وکٹ پر 311 رنز بنا کراننگز ڈیکلیئرڈ کی، پہلی باری میں اسے211 رنز کی برتری حاصل ہوئی، دوسری باری میں پشاور نے106 پر5 وکٹیں گنوا دیں، اسے اننگز سے شکست سے بچنے کیلیے مزید109 رنز کی ضرورت ہے۔

ملتان نے دوسری اننگز میں1 وکٹ پر71 رنز بنا لیے۔اسلام آباد میں کے آر ایل کے238 رنزکے جواب میں نیشنل بینک نے146 رنز بنائے،فیضان عالم نے 5 وکٹیں لیں، دوسری اننگز میں کے آر ایل کی ٹیم167 پر 4 وکٹیں گنوا چکی، محمد عمران 52 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔کے آر ایل گرائونڈ اسلام آباد میں زرعی ترقیاتی بینک نے 295 رنز بنائے، سلمان سعید نے 6 وکٹیں اپنے نام کیں،حسین طلعت نے 116 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، دوسری باری میں پی آئی اے نے بغیر کسی نقصان کے ایک رن بنایا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی ٹیم پہلی اننگز میں133 پر آئوٹ ہوگئی، غلام مدثر نے4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، پورٹ قاسم نے پہلی اننگز میں237 کے بعد دوسری میں5 وکٹ پر188 رنز بنا لیے۔
Load Next Story