ادویہ کی برآمد کے لیے حکومت سے مدد کی درخواست

حکومت صنعتی ترقی کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہی ہے،وفاقی وزیر صنعت و پیداوار

حکومت صنعتی ترقی کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہی ہے،وفاقی وزیر صنعت و پیداوار فوٹو: فائل

GILGIT:
وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضی خان جتوئی نے کہا ہے کہ پاکستان کی دواساز صنعت نہ صرف ملک میں سستی اور معیاری ادویہ کی فراہمی بلکہ برآمدات میں اضافے کے لیے بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔


حکومت صنعتی ترقی کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہی ہے، دواساز ادارے نیشنل انڈسٹریل پارکس اور اسپیشل اکنامک زون میں اپنے یونٹ لگائیں، وزارت صنعت و پیداوار مکمل تعاون کرے گی۔ وہ پاکستان فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کررہے تھے، وفد نے وفاقی وزیر کودرپیش مسائل سے آگاہ کیا، اس موقع پر وفاقی سیکریٹری صنعت و پیداوار عارف عظیم اور جوائنٹ سیکریٹری ضرار حیدر بھی موجود تھے۔ عارف عظیم نے کہا کہ فارما انڈسٹری اپنی تجاویزہمیں دے، ہم مکمل تعاون کریں گے۔

وفد نے بتایا کہ دوا ساز صنعت تعلیم یافتہ افرادی قوت کو روزگار مہیا کرنے والی سب سے بڑی صنعت ہے، اگر حکومتی سرپرستی حاصل ہو تو پاکستان نہ صرف خطے میں بلکہ امریکا اور یورپ سمیت مغربی دنیا کو بھی معیاری ادویہ برآمد کر سکتاہے۔ پاکستان فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن کے صدر زاہد سعید نے کہا کہ پاکستانی ادویہ نہ صرف معیار میں کسی بھی ملک کی ادویہ سے مقابلہ کر سکتی ہیں بلکہ پوری دنیاکے مقابلے میں سستی ترین بھی ہیں، ادویہ کی بھارتی برآمد 20ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے، حکومت صنعت کی سرپرستی کرے اور پاکستانی معیارات کو عالمی خاص طور پر امریکی معیارات کے ہم پلہ بنائے تو کچھ عرصے میں پاکستانی ادویہ کی برآمدات ٹیکسٹائل ایکسپورٹ سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔
Load Next Story