مزدور اور کسان ایک ہوگئے تو وزیراعظم کی خیرنہیں ہوگی خورشید شاہ

وزیراعظم نےایک ماہ پہلے قومی اداروں کی نجکاری نہ کرنے کا کہا تھا،اپوزیشن لیڈر

وزیراعظم نےایک ماہ پہلے قومی اداروں کی نجکاری نہ کرنے کا کہا تھا،اپوزیشن لیڈر. فوٹو؛ فائل

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اور واپڈا کے مزدوروں پر ظلم نہ کیا جائے اگر مزدور اور کسان ایک ہوگئے تو وزیراعظم کی خیرنہیں ہوگی۔

پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ اور قمرالزمان کائرہ راولپنڈی میں احتجاج کرنے والے پی آئی اے ملازمین کے دھرنے میں پہنچے اور ان سے اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے ایک ماہ پہلے قومی اداروں کی نجکاری نہ کرنے کا کہا تھا اور اداروں کی نجکاری نہ کرنا بھی مسلم لیگ (ن) کے منشور کا حصہ ہے، پاکستان کے مزدوروں کو کمزور نہ سمجھا جائے اور اگر سرکاری ملازمین اور کسان ایک ہوگئے تو وزیراعظم کی خیر نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جمہوریت کے لئے اذیتیں جھیلیں اور اپنی حکومت بھی گنوائی لیکن انہوں نے اس سے کیا سیکھا، گزشتہ روزانہوں نے پی آئی اے ملازمین کے لئے جو کچھ کہا اگر وہ بات ضیاالحق یا پرویز مشرف کرتے تو عجیب نہیں لگتا لیکن آپ نے کہا تھا کہ میں آخری شخص ہوں گا جو نجکاری کی بات کروں گا۔


اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ تاریخ بتاتی ہے کہ ایوب خان سے زیادہ طاقت ور کوئی جرنل نہیں تھا اورانہوں نے اگر ایک بے گناہ طالبعلم کو قتل کرایا تو مزدور ایک ہوگئے اور انہیں اقتدار سے جانا پڑا، مزدوروں کو بے روزگار نہ کیا جائے مزدور آپ کا اقتدار نہیں بلکہ اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت سے درخواست کی کہ کراچی ایئرپورٹ واقعے پر جوڈیشل کمیشن بنائیں۔

Load Next Story