پاکستان خطے میں دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا صدر زرداری
صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا کئی دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار ہے لیکن پاکستان اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا۔
اسلام آباد میں سارک اسپیکرز کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ خطے نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کی بہت بھاری قیمت ادا کی اور سب سے زیادہ متاثر پاکستان ہوا ہے۔ انتہاپسندی کے خلاف کامیابی کے لئے لوگوں کے دل اور دماغ دونوں جیتنا ہوں گے۔
صدر زرداری نے کہا کہ مضبوط پارلیمنٹ بہتر نظام حکومت کے لئے ضروری ہے، ایشیا جمہوری ارتقا سے گزررہا ہے لیکن بعض لوگوں کے مطابق پارلیمنٹ پراب بھی حملے ہورہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سارک کے منشور پر عملدرآمد کے لئے پر عزم ہے کیونکہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے رکن ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ اور خطے کے عوام کی بہتری کے لئے حکمت عملی بنائی جاسکتی ہے۔