حصص مارکیٹ میں 32000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال

کاروباری حجم منگل کی نسبت2 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر14 کروڑ 72 لاکھ53 ہزار970 حصص کے سودے ہوئے

کاروباری حجم منگل کی نسبت2 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر14 کروڑ 72 لاکھ53 ہزار970 حصص کے سودے ہوئے فوٹو: فائل

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں آئل اور بینکنگ اسٹاکس میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے بدھ کو ابتدائی اوقات میں رونما ہونے والی 184 پوائنٹس کی مندی تیزی میں تبدیل ہوگئی جس سے انڈیکس کی32000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی، تیزی کے سبب 57.48 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں23 ارب66 کروڑ 67 لاکھ85 ہزار661 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ سیاسی افق پر غیریقینی صورتحال اور قیاس آرائیوں کی وجہ سے اگر چہ سرمایہ کار انتہائی محتاط انداز میں سرمایہ کاری کررہے ہیں لیکن عالمی سطح پر کموڈٹیز کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور دیگر مثبت اطلاعات پرمارکیٹ میں خریداری دیکھی جا رہی ہے جس سے رواں ہفتے بھی مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن ہے۔


تاجروں کے مطابق بدھ کو سیمنٹ اور فرٹیلائزر سیکٹر میں ملا جلا رجحان رہا لیکن حبیب بینک اور اوجی ڈی سی ایل نے بدھ کی تیزی میں اہم کردار ادا کیا، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 123.45 پوائنٹس کے اضافے سے 32084.06 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 87.16 پوائنٹس بڑھ کر18740.95 اور آل شیئر اسلامک انڈیکس33.38 پوائنٹس کے اضافے سے 15168.42 ہوگیا۔

کاروباری حجم منگل کی نسبت2 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر14 کروڑ 72 لاکھ53 ہزار970 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار334 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں192 کے بھاؤ میں اضافہ، 121 کے داموں میں کمی اور21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story