پاک افغان عسکری قیادت کا اپنی سرزمین دہشتگردی کیلیے استعمال نہ ہونے کے عزم کا اعادہ
پاک فوج کے ڈی جی ایم او سے جی ایچ کیو میں ان کے افغان ہم منصب نے ملاقات کی، آئی ایس پی آر
پاک فوج کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز سے ان کے افغان ہم منصب نے ملاقات کی جس میں دونوں جانب سے دہشت گردوں کو اپنی سرزمین استعمال نہ کرنے دینے کا اعادہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے پاک فوج کے ڈی جی ایم او سے جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں باہمی امور کے علاوہ سیکیورٹی اور سرحدی انتظامات پر بات چیت کی گئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں افواج کے ڈی جی ایم اوز کی ملاقات دسمبر میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورے افغانستان کے تناظر میں کی جارہی ہے جس میں دونوں ممالک نے دہشت گردوں کو اپنی سرزمین استعمال نہ کرنے دینے کے عزم کا اظہا ر کیا جب کہ اس دوران عسکری روابط ، تعاون بڑھانے اور دو طرفہ سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔