ہفتہ رفتہ حصص مارکیٹ میں تیزی انڈیکس نے نئے ریکارڈ قائم کئے

100 انڈیکس 16000 کی نفسیاتی حد عبور کر گئی

ہفتے کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 288 پوائنٹس بڑھ کر اب تک کی بلند ترین سطح 16 ہزار 101 پوائنٹس پر بند ہوا۔ فوٹو : محمد عظیم / ایکسپریس

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں اس ہفتے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رہا اور 100انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔


کراچی اسٹاک مارکیٹ میں ہفتے کے آغاز سے ہی کاروباری سرگرمیاں تیز رہیں۔ ملکی معیشت بالخصوص افراط زر کے حوالے سے اعدادوشمار میں بہتری کے امکان پر آئندہ مانیٹری پالیسی میں ڈسکانٹ ریٹ میں مزید کمی کی توقعات کے باعث سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں دلچسپی دیکھی گئی۔ ساتھ ہی بلیو چپ کمپنیوں کی جانب سے بہتر مالی نتائج کے اعلانات کا بھی مارکیت ایکٹیوٹی پر مثبت اثر رہا جس کی وجہ سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار مارکیٹ میں ایکٹیو رہے ۔100 انڈیکس 16000 کی نفسیاتی حد عبور کر گئی۔ اس طرح ہفتے کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 288 پوائنٹس بڑھ کر اب تک کی بلند ترین سطح 16 ہزار 101 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مارکیٹ کے اوسط یومیہ کاروباری حجم میں 13 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 15 کروڑ شیئرز رہا ساتھ ہی مارکیٹ کیپیٹلائزیشن بھی تاریخ میں پہلی بار40 کھرب روپے سے تجاوز کرگئی۔ گزشتہ ہفتے کیمیکل اور بینکنگ سیکٹر میں کاروباری سرگرمیاں نمایاں رہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کے حوالے سے بہتر اعدادو شمار اور کارپوریٹ نتائج پر آئندہ ہفتے بھی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار رہ سکتا ہے۔
Load Next Story