لیاری ایکسپریس وے کا ڈیزائن تبدیل2پل تعمیر کیے جائیں گے

متاثرین کی تعداد 5300 سے گھٹ کر 1500 ہوجائیگی،3ارب 70کروڑ اخراجات،لیاری ندی کے قریب1.7کلومیٹر کا پل تعمیر ہوگا

میانوالی کالونی سے حسن اولیا کالونی تک 1.8کلومیٹر پل تعمیر ہوگا،انسداد تجاوزات مہم جاری،این ایچ اے کو آئند ہ ہفتے زمین مل جائیگی۔ فوٹو فائل

فنڈز اور رائٹ آف وے کی فراہمی کے باعث طویل عرصے سے التوا کا شکار لیاری ایکسپریس وے منصوبے پر کام رواں ماہ دوبارہ شروع کیا جارہا ہے۔

منصوبہ جولائی 2013 میں مکمل کرلیا جائیگا، متاثرین کو زرتلافی کی ادائیگی شروع کردی ہے ، زمین خالی کراکے جلد ہی نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حوالے کردی جائیگی ، شمالی حصے پر تیسرے آپشن کے تحت سندھی ہوٹل سے تین ہٹی پل تک ڈیزائن میں تبدیلی لاکر لیاری ندی کے قریب1.7کلومیٹر ایلو ویٹڈ پل تعمیر کیا جائیگا۔


جبکہ اس کے بعد سائٹ ایریا تک اصلی ڈیزائن پر تعمیرات ہونگی بقیہ حصے پر میانوالی کالونی سے حسن اولیا کالونی تک 1.8کلومیٹر ایلویٹڈ پل تعمیر کیا جائے گا،افتتاح صدر آصف زرداری اور گورنر سندھ عشرت العباد کریں گے،تفصیلات کے مطابق فنڈز کے بحران اور رائٹ آف وے نہ ملنے کے باعث لیاری ایکسپرس وے کے شمالی حصے پر کام دوسال سے بند تھا، جنوبی حصہ 2009 میں مکمل کرکے کھولا جاچکا ہے، شمالی حصے پر بھی80 فیصد کام مکمل ہے، اس حصے پر تعمیراتی کاموں کی تکمیل کیلیے صرف 5.3 کلومیٹر زمین درکار ہے ،انسداد تجاوزات مہم جاری ہے.

متعلقہ افسران نے بتایا ہے کہ کمشنرکراچی اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کی ہدایت پر شمالی حصے پر رائٹ آف وے خالی کرانے کیلیے اینٹی انکروچمنٹ سیل کا عملہ تجاوزات ولیز مکانات مسمار کررہا ہے ، اب تک لیاقت آباد تین ہٹی پل کے نزدیک تجاوزات مسمار کرکے 590 میٹر زمین خالی کرالی ہے،اس مہم کے دوران تین ہٹی تا گجرنالہ 350 مکانات منہدم کیے جاچکے ہیں، اب صرف 15مکانات رہ گئے ہیں جنھیں مسمار کرنا ہے، اس علاقے کے بیشتر متاثرین کو 4 سال قبل معاوضہ اداا ور پلاٹ دیدیے گئے تھے تاہم دیگر متاثرین کو ادائیگی کی یقین دہانی کرادی گئی ہے، سندھی ہوٹل تا تین ہٹی تک 400 میٹر کا علاقہ بھی خالی کرایا جاچکا ہے.

ذرائع کے مطابق لیاری ایکسپریس وے کے شمالی حصے پر سیاسی و دیگر دبائو کے باعث اصلی ڈیزائن میں کافی حد تک ترامیم کی گئی ہے، اسٹیک ہولڈرز کے اعتراضات پر منصوبے کا ایسا ڈیزائن تشکیل دیا گیا ہے جس میں متاثرین کی تعداد 5300 سے گھٹ کر تقریباً 1500 ہوجائیگی جس کے باعث نوآباکاری کیلیے اخراجات میں بھی کمی آئیگی، تیسرے آپشن کے تحت سندھی ہوٹل سے تین ہٹی پل تک ڈیزائن میں تبدیلی لاکر لیاری ندی کے قریب1.7کلومیٹر کا پل تعمیر کیا جائیگا جبکہ اس کے بعد سائٹ ایریا تک اصلی ڈیزائن پر تعمیرات کی جائیں گی بقیہ حصے پر میانوالی کالونی سے حسن اولیا کالونی تک 1.8کلومیٹر پل تعمیر کیا جائیگا ، تیسرے آپشن میں لیاری ایکسپریس کی تعمیر کیلیے تین ارب 70کروڑ روپے اخراجات آئیں گے، این ایچ اے کے متعلقہ افسران نے کہا ہے کہ رائٹ آف وے ملنے کی صورت میں منصوبہ آئندہ سال جولائی میں مکمل کرلیا جائیگا۔
Load Next Story