تائیوان میں زلزلے سے 14افراد ہلاک سیکڑوں زخمی

ریسکیو اہلکاروں نے صرف ایک عمارت سے 200 سے زائد افراد کو بحفاظت باہر نکالا۔

تائیوان کے صدر نے ملک میں ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کا حکم دیدیا۔ فوٹو: اے ایف پی

تائیوان میں 6.4 شدت کے زلزلے سے14 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو گئے جب کہ متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تائیوان کے جنوبی شہر تائی نان میں علی الصبح 6.4 شدت کے زلزلے سے درجنوں بلند و بالا عمارتیں منٹوں میں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئیں، زلزلے کے باعث14 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے جب کہ صرف ایک 17 منزلہ عمارت سے 220 افراد کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔


تائیوان کے صدر ما ینگ جیو نے زلزلے کے بعد ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ زخمی ہوئے ہیں انھیں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی جب کہ بے گھر ہونے والے افراد کی رہائش کا بندو بست بھی کیا جائے گا۔

دوسری جانب امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے نیپال اور بھارت میں بھی محسوس کئے گئے لیکن ان کی شدت تائیوان میں آنے والے 5.5 ریکارڈ کی گئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 1999 میں بھی وسطی تائیوان میں 7.6 شدت کے زلزلے کے باعث 2300 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو گئے تھے۔
Load Next Story