اولمپکسپاکستانی دستہ مختلف گروپس میں لندن جائیگا

قوم ہاکی میں میڈل کیلیے دعا کرے،نظم وضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،عاقل شاہ

قوم ہاکی میں میڈل کیلیے دعا کرے،نظم وضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،عاقل شاہ ۔ فوٹو/فوئل

لاہور:
لندن اولمپکس میں شرکت کے لیے پاکستانی دستہ اجتماعی طور پر روانہ ہونے کے بجائے مختلف گروپس میں جائے گا،چیف ڈی مشن سید عاقل شاہ نے کہا ہے کہ قوم ہاکی میں میڈل کیلیے دعا کرے،گیمز کے دوران نظم وضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

عاقل شاہ صوبائی وزیر خیبر پختونخوا اور وہاں کی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں، انھوں نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا 39 رکنی دستہ اولمپک گیمز میں شرکت کررہا ہے،20 رکنی ہاکی اسکواڈ پہلے ہی تربیتی کیمپ کے سلسلے میں انگلینڈ پہنچ چکا جبکہ باقی دستہ دو حصوں میں لندن روانہ ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کا10 روزہ کنڈیشننگ کیمپ برمنگھم میں جاری اور22 جولائی کو اختتام پذیر ہوگا۔ پاکستان ہاکی میں براہ راست شرکت کررہا ہے


جبکہ ایتھلیٹکس، سوئمنگ اور شوٹنگ میں انٹریز وائلڈ کارڈز کی مرہون منت ہیں۔ اولمپک گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں سے وابستہ توقعات کے بارے میں سوال پر عاقل شاہ نے کہا کہ قوم دعا کرے کہ ہم ہاکی میں میڈل جیتیں،کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے اور ہماری ٹیم کی بھی کوشش ہوگی کہ کامیاب لوٹے۔ انھوں نے کہا کہ دیگر گیمز میں شرکت علامتی اور وائلڈ کارڈز کے ذریعے ہورہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اولمپک ولیج میں 25 تاریخ کو اکھٹا ہونگے جہاں میں نے دستے کا اجلاس طلب کیا ہے۔ میں تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز پر واضح کرنا چاہوں گا کہ گیمز کے دوران نظم وضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،

ہم نے پہلے بھی ایسا نہیں کیاہے، ہم 26 جولائی کو گرینڈ ریہرسل میں شرکت کرینگے۔ انھوں نے کہا کہ شوٹر خرم انعام اور ان کے منیجر کراچی سے24جولائی جبکہ2 ایتھلیٹس اور اتنے ہی پیراک اپنے آفیشلز کے ساتھ اگلے دن لاہور سے جائیں گے، میں اپنی سرکاری مصروفیت کی وجہ سے دستے سے الگ24 جولائی کو لندن روانہ ہوںگا۔

Recommended Stories

Load Next Story