بھارت سے میچ پاکستان ہاکی ٹیم کے مسائل میں اضافہ

دستیاب 15 میں سے 3 مزید کھلاڑی بیمار پڑگئے، طویل سفر کے سبب تھکاوٹ ہوئی، ثقلین

فرید احمد اور رضوان بیمار ہو گئے جبکہ ٹریننگ کے دوران حسیم خان زخمی ہوگئے۔ فوٹو: فائل

ساف گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم مزید پریشانیوں میں گھرگئی، دستیاب 15 کھلاڑیوں میں سے بھی 3 مزید کھلاڑی بیمار اور ان فٹ ہوگئے۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد ثقلین کا کہنا ہے کہ کھلاڑی 30 گھنٹے کے سفر کے بعد گوہاٹی پہنچے جس کی وجہ سے تمام پلیئرز تھکاوٹ کا شکار رہے، فرید احمد اور رضوان بیمار ہو گئے جبکہ ٹریننگ کے دوران حسیم خان زخمی ہوگئے جس کی وجہ سے سری لنکا کیخلاف بہت زیادہ گول نہ کر سکے، کھلاڑیوںنے مسنگ بھی کی، تاہم بھارتی سرزمین پر کھلاڑیوں نے خود کو ایڈجسٹ کر لیا ہے پیر کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ میں قومی ٹیم فتح کا عزم لیے میدان میں اترے گی۔ وہ گزشتہ روز گوہاٹی سے نمائندہ '' ایکسپریس'' سے خصوصی بات چیت کررہے تھے۔


محمد ثقلین کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایم ڈی طیب اللہ ہاکی اسٹیڈیم میں ہی ایک ماہ کا کیمپ لگایا تھا جس کی وجہ سے میزبان ٹیم یہاں کی کنڈیشنز سے بخوبی آگاہ ہے، میچ کے دوران اسے ہوم کراؤڈ کی سپورٹ بھی حاصل رہے گی، اس کے باوجود میں سمجھتا ہوں کہ روایتی حریف کیخلاف میچ کے دوران پاکستانی ٹیم فیورٹ ہے اور فتح کا عزم لیے میدان میں اترینگے۔

قومی چیف کوچ نے کہا کہ دوسری تمام ٹیمیں 18 کھلاڑیوں کیساتھ ایونٹ میں شریک ہیں جبکہ ہمیں صرف 15 کھلاڑیوں کا ہی ساتھ حاصل ہے، جس کی وجہ سے کوچ ریحان بٹ کو سری لنکا کیخلاف میدان میں اتارنا پڑا، سابق کپتان کا بھارت کیخلاف ریکارڈ بہت اچھا ہے، پیر کو روایتی حریف کیخلاف ہونیوالے میچ میں بھی ریحان بٹ کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا جائیگا، اس کی خوبی یہ ہے کہ جب بھی اسے گول کرنے کا موقع ملتا ہے تو وہ اس سے بھر پور فائدہ اٹھاتا ہے۔
Load Next Story