بیرینیس مارلو

بانڈ گرل بننے کے بعد بیرینیس کا چرچا ہر طرف ہورہا ہے لیکن بانڈ گرلز میں خود اسے Famke Janssen پسند ہے۔

33 سالہ بیرینیس کو ابتدا میں اداکاری سے کوئی لگاؤ نہیں تھا بلکہ پیانسٹ بننا چاہتی تھی. فوٹو : فائل

شوبزکی رنگارنگ دنیا کے ڈھنگ ہی نرالے ہیں۔ کوئی اس جہان رنگ و نور میں پاؤں دھرتے ہی شہرت کی بلندیوں کو چُھولیتا ہے تو کوئی قسمت کی دیوی کی اک نگاہِ التفات کو ترستا رہ جاتا ہے۔ کسی پر کام یابیوں کے دَر کُھلتے تو ہیں، پر ذرا تاخیر سے! اور یہ وہ لمحات ہوتے ہیں جب وہ فن کار تمام امیدیں چھوڑ چکا ہوتا ہے۔

ایسے میں جب قسمت کی دیوی اس کا ہاتھ پکڑتی ہے تو اسے اپنی خوش نصیبی پر یقین کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ گذشتہ برس کے وسط میں جب اس فرانسیسی حسینہ کو بتایا گیا کہ اسے مشہور زمانہ جاسوس کردار، جیمز بانڈ کی اگلی فلم کی ہیروئن منتخب کرلیا گیا ہے تو وہ ششدر رہ گئی تھی، کیوں کہ اسے تو ٹیلی ویژن پر بھی بہ مشکل رول مل پاتے تھے۔

بیرینیس مارلو برسوں سے ٹیلی ویژن پر شناخت بنانے کے لیے جدوجہد کررہی تھی لیکن پیہم کوششوں کے باوجود وہ چند ڈراما سیریز میں صرف مختصر کردار ہی حاصل کرپائی تھی۔ بیرینیس کے والد کا تعلق کمبوڈیا سے ہے جب کہ اس کی والدہ فرانسیسی ہیں۔ اسی لیے مِنی اسکرین کے کرتا دھرتا اس سے کہتے تھے کہ وہ فرانسیسی خواتین کے کرداروں کے لیے موزوں نہیں، لیکن آج یہی لوگ یقیناً دانتوں تلے انگلی دابے عالمی شہرت کے افق پر پرواز کرتی اس اداکارہ کو حیرت سے دیکھ رہے ہوں گے۔

33 سالہ بیرینیس کو ابتدا میں اداکاری سے کوئی لگاؤ نہیں تھا بلکہ پیانسٹ بننا چاہتی تھی۔ اس نے رقص و موسیقی کی تعلیم دینے والے معروف فرانسیسی اسکولConservatoire de Paris میںکئی برس تک پیانو بجانے کی تربیت بھی لی تھی، مگر اس کا پیانسٹ بننے کا خواب شرمندۂ تعبیر نہ ہوسکا۔ بیرینیس کی پُرکشش شخصیت کے پیش نظر دوستوں نے اسے شوبز میں قسمت آزمائی کرنے کا مشورہ دیا۔ اس دوران وہ اداکاری کی جانب مائل ہوگئی اور اس نے ٹیلی ویژن ڈراموں میں رول حاصل کرنے کے لیے کوششیں شروع کردیں۔ تمام تر خوب صورتی کے باوجود اہم کردار بیرینیس کی پہنچ سے دور ہی رہے کیوں کہ منی اسکرین کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر اسے مرکزی کرداروں کے لیے موزوں نہیں سمجھتے تھے۔ اپنی تمام کوششوں کے باوجود یہ خوب صورت اداکارہ ثانوی کرداروں تک محدود رہی۔ ٹیلی ویژن سے مایوس ہوکر اس نے فلم انڈسٹری تک رسائی حاصل کرنے کی بھی کوشش کی لیکن اس کا بھی کوئی نتیجہ برآمد نہ ہوسکا۔ پھر قسمت اس پر جیمز بانڈ سلسلے کی 23 ویں فلمSkyfall کی صورت میں مہربان ہوئی۔


Skyfall کی ہیروئن سیورینے کے لیے اپنے انتخاب کے بارے میں ایک جریدے کو تفصیل بتاتے ہوئے بیرینیس نے کہا،''اُن دنوں میں بالکل فارغ تھی، میرے پاس کوئی کام نہیں تھا۔ میرے دماغ میں نہ جانے کیا سمائی کہ میں فرانس سے لاس اینجلس چلی آئی۔ یہاں میں نے سنا کہ جیمز بانڈ کی اگلی فلم کے لیے آڈیشن لیے جارہے ہیں۔ میں نے بھی قسمت آزمانے کی ٹھانی اور کاسٹنگ ڈائریکٹر کا ای میل ایڈریس ڈھونڈ کر اس سے آڈیشن دینے کی خواہش ظاہر کی۔ اس نے مجھے ملاقات کے لیے بلایا اورآڈیشن لیا۔ پھر میری ملاقات سام مینڈس ( ڈائریکٹر) اور اس کے بعد ڈینیئل کریگ سے ہوئی۔ چند روز کے بعد مجھے دوبارہ آڈیشن کے لیے بلایا گیا۔ کچھ دیر کے بعد بتایا گیا کہ مجھے سیورینے کے کردار کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے۔ اس وقت مجھے اپنی سماعت پر شک ہورہا تھا۔ میں یہ یقین کرنے پر تیار نہیں تھی کہ میرا انتخاب ہوگیا ہے۔ بہرحال مجھے یقین کرنا پڑا کہ برسوں کے بعد بالآخر میری محنت رنگ لے آئی ہے۔ ''

برطانیہ میں Skyfall گذشتہ ماہ کے آخری ہفتے میں ریلیز کردی گئی تھی جب کہ امریکا میں یہ فلم نو نومبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ برطانیہ میں اس فلم کو زبردست رسپانس ملا ہے اور فلمی مبصرین کا کہنا ہے کہ عشروں کے بعد جیمز بانڈ کی ایک یادگار فلم سامنے آئی ہے۔ Skyfall میں فرانسیسی حسینہ کی اداکاری کو بھی سراہا جارہا ہے۔

بیرینیس کا کہنا ہے وہ تقدیر پر کامل یقین رکھتی ہے۔ Skyfall کے لیے آڈیشن دینے سے چھے ماہ قبل اس نے خواب میں دیکھا کہ وہ جیویر بارڈیم کے ساتھ اداکاری کررہی ہے۔ بیرینیس کے مطابق اسے یقین ہوگیا تھا کہ اس کا یہ خواب ضرور سچ ہوگا۔ اور پھر جب دوسرے آڈیشن کے بعد اسے پتا چلا کہ جیویر اس فلم کا ولین ہے تو اس کی خوشی کی کوئی انتہا نہیں رہی تھی کیوں کہ وہ اس کا پسندیدہ اداکار ہے۔

بانڈ گرل بننے کے بعد بیرینیس کا چرچا ہر طرف ہورہا ہے لیکن بانڈ گرلز میں خود اسے Famke Janssen پسند ہے۔ فیمکے نے GoldenEyeمیں پیئرس بروسنن کے مقابل پرفارمینس دی تھی۔ یہ فلم 1995ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ بیرینیس کی پسندیدہ بانڈ فلم Dr No ہے جو 1962ء میں سنیماؤں کی زینت بنی تھی۔ اس فلم میں شین کونری نے جیمز بانڈ کا کردار ادا کیا تھا۔

بانڈ گرل بننے کے بعد بیرینیس نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ مردانہ قسم کے رول کرنا چاہتی ہے۔ مارلو کے مطابق وہ فلموں میں مافیا کی سرغنہ جیسے رول کرنے کی خواہش مند ہے۔ بانڈ گرل بننے سے پہلے بیرینیس کی خواہش شائد کبھی پوری نہ ہوپاتی لیکن اب اس پر ہالی وڈ کے دروازے کُھل گئے ہیں۔ امید ہے کہ جلد ہی ہم اسے کسی فلم میں ولین کا رول کرتے ہوئے دیکھیں گے۔
Load Next Story