ون ڈے چیمپئنز ٹرافی کیلیے ٹکٹوں کی فروخت شروع

رکی پونٹنگ کو ایونٹ میں پاکستان کے سیمی فائنل تک پہنچنے کی بھی امید نہیں.

مجموعی طور پر ٹورنامنٹ میں 15 میچز ہوں گے. فوٹو: فائل

آئندہ برس انگلینڈ میں شیڈول ون ڈے چیمپئنز ٹرافی کیلیے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگئی۔

ٹاپ 8 ٹیموں کے ایونٹ کا آغاز بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان 6 جون کو کارڈف میں میچ سے ہوگا، سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کو پاکستان کے سیمی فائنل تک پہنچنے کی بھی امید نہیں۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کی ٹاپ 8 ون ڈے ٹیموں کے درمیان انگلینڈ کے تین وینیوز کارڈف، اوول اور ایجبیسٹن میں6 جون 2013 کو ایونٹ کا آغاز ہوگا،کارڈف والز اسٹیڈیم میں پہلے میچ میں بھارتی ٹیم جنوبی افریقہ کا سامنا کرے گی،فائنل 23 جون کو ایجبیسٹن میں شیڈول ہے، 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر ٹیم 3 گروپ میچز کھیلے گی۔


ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنلز کھیلیں گی، اس طرح مجموعی طور پر ٹورنامنٹ میں 15 میچز ہوں گے۔ بالغ افراد کیلیے ٹکٹوں کی قیمتوں کو تین کیٹگریز گولڈ، سلور اور فیملی اسٹینڈ میں تقسیم کیا گیا، کم سے کم ٹکٹ 20 اور زیادہ سے زیادہ 60 پائونڈز مالیت کی ہے، انڈر 16 کیلیے فائنل سمیت تمام مقابلوں کیلیے ٹکٹ کی قیمت 5 پائونڈ ہی رکھی گئی ہے تاہم ان کے ساتھ ایک بالغ افراد کا میچ دیکھنا ضروری ہوگا، انڈر 21 کیلیے بھی ٹکٹیں متعارف کرائی گئیں جن کی قیمت 10 سے 25 پائونڈ کے درمیان ہے۔ شائقین کو 17 اکتوبر کو ہی آئی سی سی کی آفیشل ویب سائٹ پر ٹکٹوں کیلیے رجسٹر ہونے کو کہا گیا تھا۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیوڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا ہے کہ ہم دنیا کی 8 بہترین ٹیموں کے درمیان ورلڈ کلاس وینیوز میں ایونٹ کا انعقاد کررہے ہیں، 18 روزہ ٹورنامنٹ کا ہر دن ایکشن سے بھرپور ہوگا۔ دریں اثنا آسٹریلیا کو لگاتار دو مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کا فاتح بنوانے والے رکی پونٹنگ نے گروپ اے سے اپنی قومی ٹیم کے ساتھ انگلینڈ کے سیمی فائنلز تک پہنچنے کی پیشگوئی کر دی،ان کا کہنا ہے کہ گروپ بی میں شامل پاکستان،بھارت، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ میں سے بھارتی اور پروٹیز ٹیم ہی فائنل 4میں جگہ بنا پائیں گی۔
Load Next Story