بھارت کو شکست دے کر ویسٹ انڈیز انڈر 19 کرکٹ کا چیمپئن بن گیا

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیسی کارٹی اور کیمو پال نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیسی کارٹی اور کیمو پال نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ فوٹو: گیٹی امیجز

SUKKUR:
انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ویسٹ انڈیز کرکٹ کی دنیا کا چیمپئن بن گیا۔

بنگلا دیش کے شہر میرپور کے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں بھارت کی جانب سے دیا گیا 146 رنز کا ہدف ویسٹ انڈیز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ ایک موقع پر ویسٹ انڈیز کے 5 کھلاڑی 77 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے لیکن اس کے بعد کیسی کارٹی اور کیمو پال نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو آخری اوور میں فتح سے ہمکنار کرا دیا، دونوں نے بالترتیب 52 اور 40 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں۔


ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارتی کھلاڑی گراؤنڈ میں زارو قطار روتے اور ایک دوسرے کو سہارہ دیتے رہے۔ بھارت کی جانب سے میانک ڈاگر نے 3 جب کہ خلیل احمد اور اواش خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں بھارت نے پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا لیکن بلیو شرٹس کے پہلے 5 کھلاڑی 50 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے، سرفراز خان کے 51، راہول باتھم کے 21 اور ماہی پل لومرور کے 19 رنز کی بدولت بھارتی ٹیم 145 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزری جوزف اور ریان جون نے 3، 3 جب کہ کیمو پال نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Load Next Story