پی ایس ایل پشاورزلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

پشاورزلمی نے 130 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کیا۔

پشاورزلمی نے 130 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کیا۔ فوٹو:فائل

پاکستان سپرلیگ کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹ اسکورنگ ٹیبل پر پہلی پوزیشن سنبھال لی جب کہ کوئٹہ کی ٹیم پہلی سے دوسری پوزیشن پر چلی گئی۔

پاکستان سپرلیگ کے 17ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاورزلمی کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کے لئے 130 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پشاورزلمی نے ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر18.4 اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا۔پشاور زلمی کی جانب سے اوپننگ بلے باز ڈیوڈ مالان نے شاندار بیٹنگ کی اور60 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ محمد حفیظ 36 اور کامران اکمل 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ بریڈ ہوج 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ذوالفقاربابراور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پرپشاور زلمی کے کپتان شاہد آفریدی کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفرازاحمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تواوپننگ بلے باز احمد شہزار اوراسد شفیق نے دھواں دھار آغاز کیا تاہم احمد شہزاد 40 کے مجموعی اسکور پر21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، احمد شہزاد کے آوٹ ہونے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا اور صرف 66 کے مجموعی اسکور پر 9 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد گرانٹ ایلیٹ اور ذوالفقار بابر نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور دسویں وکٹ پر 63رنز کی شراکت قائم کی تاہم ایلیٹ اور ذوالفقار بابر نے بالترتیب 40 اور 20رنز بنائے اور پوری ٹیم 130 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پشاور زلمی کی جانب سے کپتان شاہد آفریدی نے کیرئیر کی بہترین بولنگ کی اور 4 اوورز میں 7 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ وہاب ریاض نے 2، جنید خان اور محمد اصغر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔




میچ میں اس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی کہ جب بولروہاب ریاض اوراحمد شہزاد آمنے سامنے آگئے۔ پشاور زلمی کے فاسٹ بولر وہاب ریاض نے ایک چھکا کھانے کے بعد احمد شہزاد کو اگلی ہی گیند پربولڈ کیا جس کے بعد انہوں نے بھرپور جوش سے خوشی کا اظہارکیا تواحمد شہزاد غصہ ہوگئے اوردونوں کھلاڑیوں نے تلخ جملوں کے بعد ایک دوسرے کو دھکے دیئے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے دیگر کھلاڑی اور امپائرز بھی قریب آگئے اور جھگڑا کرنے والے دونوں کھلاڑیوں کو الگ کردیا۔

Load Next Story