فائرنگ کے واقعات میں2اور 2سے زائد افراد کو نشانہ بنانے کے رجحان میں اضافہ

ڈھائی ماہ میں25سےزائد افرادکو ایسی وارداتوں میں ہلاک کیاجاچکا،مذہبی جماعتوں سےتعلق رکھنے والوں نےآمدورفت محدودکردی.

نارتھ کراچی میں5دوستوں اور4سگے بھائیوں کو جبکہ پان منڈی میں باپ بیٹے اور اسکائوٹ کالونی میں2بھائیوں سمیت4افرادکو قتل کیا گیا. فوٹو : فائل

شہر میں فائرنگ اور قتل وغارت گری کے واقعات میں دو اور دو سے زائد افراد کو نشانہ بنانے کے رجحان میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

اس قسم کے واقعات میں باپ بیٹا ، سگے بھائی اور دیگر رشتے داروںکوموت کے گھاٹ اتارا جارہا ہے،گذشتہ روز بھی ایسا ہی ایک واقعہ حیدرآباد کالونی میں پیش آیا ،اس قسم کے واقعات میں بتدریج اضافہ انتہائی تشویشناک ہے جس سے بدلہ لینے اورمخالفین کو اذیت کے ساتھ قتل کرنے کے جذبات بھی بھڑک رہے ہیں،گذشتہ ڈھائی ماہ کے دوران 25 سے زائد افراد کو اس قسم کی وارداتوں میں ہلاک کیا جاچکا ہے،تفصیلات کے مطابق عروس البلاد کراچی میں فائرنگ اور قتل و غارت گری ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جارہی ہے لیکن حالیہ ڈھائی ماہ کے دوران اس قسم کے واقعات میں 2 یا 2 سے زائد افراد کو نشانہ بنانے کے رجحان میں انتہائی تیزی سے اضافہ ہوا ہے جس میں باپ بیٹا ، سگے بھائی یا دیگر رشتے داروں کو چند لمحوں کے اندر موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے،تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ اس قسم کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے۔


جس سے شہریوں میں بدلہ لینے اور مخالفین کو اذیت کے ساتھ قتل کرنے کے جذبات بھی بھڑک رہے ہیں،ذرائع نے بتایا کہ ایسے واقعات میں اضافے کے بعد مذہبی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنی آمدورفت کومحدود اور ایک ساتھ گھر سے باہر نکلنے سے گریز کرنا شروع کردیا ہے،اگست ، ستمبر اور اکتوبر میں ایسے کئی واقعات ہوئے،اگست میں نارتھ کراچی ڈسکو موڑکے قریب5دوستوں کو نشانہ بنایا گیا اور پانچوں موقع پر ہی دم توڑ گئے،اسی علاقے میں چند روز بعد ہی دوبارہ 5 افراد کو ٹارگٹ کیا گیا جس میں4سگے بھائی جاں بحق ہوئے،رسالہ کے علاقے پان منڈی میں بھی کار سوار4افراد پرفائرنگ کی گئی جس سے باپ بیٹا ہلاک ہوگئے، بلدیہ ٹائون میں بھی کار پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے3افراد نے دم توڑا ،مبینہ ٹائون کے علاقے اسکائوٹ کالونی میں دکان پر فائرنگ سے2سگے بھائیوں سمیت4افراد ہلاک ہوئے۔

اسی واقعے پر احتجاج کے بعد گھروںکو روانہ ہونے والے افراد پر بھی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ماموں بھانجے سمیت 3 افراد جہان فانی سے کوچ کرگئے ،گذشتہ روز بھی جمشید کوارٹرز کے علاقے حیدرآباد کالونی میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا جہاں ملزمان نے گھر میں گھس کر اہل خانہ پر تیز دھار آلے کے وار سے حملہ کیا ، پولیس کے تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ خونی رشتوں اور سگے رشتے داروں کو نشانہ بنانے کے رجحان میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے اور اگر اس میں اسی تیزی سے اضافہ ہوتا گیا تو صورتحال پر قابو پانا انتہائی مشکل ہوجائے گا ، اس کے لیے فوری طور پر سدباب کے لیے اقدامات کیے جانے چاہئیں ۔
Load Next Story