امین فہیم کے نام پرفنڈریزنگ و رقوم طلب کرنے کاانکشاف

وفاقی وزیرتجارت نے کارروائی کیلیے ایف آئی اے سے رجوع کیاتھا،تحقیقات شروع

ایک گروہ امین فہیم کے نام پرانٹرنیٹ پرفنڈریزنگ وتاجروں وبیوروکریسی سے رقم لے رہاہے فوٹو: فائل

وفاقی وزیرتجارت امین فہیم کے نام پرکاروباری شخصیات اوربیورکریسی سے رقوم طلب کرنے والے گروہ کاانکشاف ہواہے جو کہ وفاقی وزیر کا نام استعمال کرکے مختلف لوگوں سے رقم بھی وصول کرچکا ہے۔


سینئر وفاقی وزیر مخدوم امین فہیم نے نامعلوم افرادکے خلاف کارروائی کیلیے ایف آئی اے سے رجوع کرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تجارت کی جانب سے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کو دی جانے والی دو علیحدہ علیحدہ درخواستوں میں بتایا گیا ہے کہ سینئر وفاقی وزیر تحارت مخدوم امین فہیم کے نام پر تاجروں، صنعتکاروں اورسرکاری افسران سے بھاری رشوت طلب کیے جانے کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے،اس سلسلے میں وفاقی وزارت تجارت کی طرف سے ایف آئی اے کوبھیجے جانے والے مکتوب میں کہا گیاہے کہ نامعلوم افرادبذریعہ ٹیلی فون کاروباری حضرات اور سرکاری افسران کوفون کرکے ان سے بھاری رقوم طلب کر رہے ہیں اوراپناتعارف وفاقی وزیر کے معتمدخاص کے طور پر کراتے ہیں،درخواست میں کچھ ٹیلی فون نمبرز بھی دیے گئے ہیں۔

جن کے ذریعے مختلف افراد سے رقوم طلب کی گئی ہیں جبکہ اسی طرح کی ایک اور درخواست میں بتایاگیاہے کہ وفاقی وزیر کے نام سے بنائے جانے والے فیس بک پیج کے ذریعے نامعلوم افراد فنڈ ریزنگ کررہے ہیں جبکہ اس سلسلے میں وفاقی وزیرمکمل طور پر لاعلم ہیں،دونوں درخواستوں میں ایف آئی اے کے اعلی حکام سے مذکورہ افرادکی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے اس سلسلے میں دونوں درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے دو علیحدہ علیحدہ انکوائریز رجسٹرڈ کرکے تفتیش کی ذمے داری ایف آئی اے کے سائبر کرائم سرکل کو سونپی ہے، ایف آئی اے ذرائع کے مطابق سائبرکرائم سرکل نے اس سلسلے میں متعلقہ انٹرنیٹ سروس پروائیڈرزاورموبائل فون کمپنیوں سے بھی رابطہ کرلیاہے تاہم انھیں موبائل فون کمپنیوں کی جانب سے ٹیلی فون نمبرز کے ریکارڈکے حصول میں پریشانی کا سامناہے۔
Load Next Story