کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

صوبائی حکومتوں کی جانب سے انسداد پولیو مہم کے رضاکاروں کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

صوبائی حکومتوں کی جانب سے انسداد پولیو مہم کے رضاکاروں کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
شہرقائد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا جس کے دوران سخت سیکیورٹی میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جارہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ کے صدر مقام کراچی میں 4 روزہ پولیو مہم کا آغاز گورنرعشرت العباد نے ہلال احمر اسپتال میں بچے کو پولیو کے قطرے پلا کرکیا جب کہ محکمہ صحت کے مطابق کراچی کی 188 یوسیز میں 21 لاکھ 66 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ آئی جی سندھ غلام حیدرجمالی کا کہنا ہے کہ پولیس کے 12 ہزار اہلکارانسداد پولیو مہم میں ڈیوٹی دے رہے ہیں اور 400 سے زائد پولیس موبائلز اور 250 موٹر سائیکل اسکواڈ تعینات ہیں جو کہ ایس ایس پیز کی زیرنگرانی کام کریں گے۔کراچی کی طرح حیدرآباد، شکارپور،کشمور اور جیکب آباد میں 3 روزہ پولیو مہم سخت سیکیورٹی میں جاری ہے۔

خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع کی ہائی رسک یونین کونسلوں میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے جہاں 34 لاکھ بچوں کو پولیو سےبچاؤکےقطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جب کہ فاٹا میں 10 لاکھ بچوں کوپولیو سے بچاؤکے قطرے پلانے کا ہدف ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں انسداد پولیو مہم کے لئے 914 پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جس کے دورنا 3 لاکھ 9 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں جائیں گے۔


کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 15 اضلاع میں انسداد پولیو کی 3 روزہ مہم جاری ہے جس کے دوران 16 لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جب کہ انسداد پولیو مہم کے لئے 3 ہزار 979 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو 18 فروری تک مقرر کردہ ہدف پورا کریں گی۔

پنجاب میں بھی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا جہاں ملتان میں مہم کے دوران 8 لاکھ بچوں کو قطرے پلائیں جائیں گے اسی طرح دیگر اضلاع میں بھی انسداد پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

Load Next Story