آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد پاکستانی فلم کی خصوصی نمائش وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگی

وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں 22 فروری کو ’’اے گرل ان دا ریور؛ پرائس آف فارگیونیس‘‘ کی نمائش ہوگی

شرمین عبید چنائے اس سے قبل بھی آسکر ایوارڈ حاصل کرچکی ہیں۔ فوٹو: فائل

آسکر ایوارڈز کے لئے نامزد پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے کی ''اے گرل ان دا ریور؛ پرائس آف فارگیونیس'' کی نمائش 22 فروری کو وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگی۔


اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف سے آسکرایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اسلامی تعلیمات میں غیرت کے نام پر قتل جیسی رسومات کی کوئی گنجائش نہیں ۔ اور یہ رسم ہماری تہذیب اور مذہب کا حصہ بھی نہیں۔ ہمارا دین خواتین کو سب سے پہلے حقوق دیتا ہے ۔ لیکن ہمارے ملک میں اس طرح کے جرائم سنگین صورت اختیار کرچکے ہیں۔ حکومت غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کے خاتمے کے لئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے اور اس رسم کے حوالے سے قانون سازی بھی کی جارہی ہے جس کے لئے متعلقہ اداروں کوہدایت بھی جاری کردی گئی ہیں، لیکن سول سوسائٹی اور عوام کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ سماجی برائیوں کے خاتمے کےلئے حکومت کا ساتھ دیں۔

وزیر اعظم نواز شریف نے فلم ساز شرمین عبید چنائے کی کاوش کو سراہتے ہوئے غیرت کے نام پر قتل پر بننے والی آسکر ایوارڈ کے لئے نامزد فلم کی نمائش 22 فروری کو وزیر اعظم ہاؤس میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Load Next Story