پاکستانی خاتون فضا فرحان اقوام متحدہ کے اعلی سطح کے پینل میں شامل

فوربزمیگزین نے فضا فرحان کو کم عمر کاروباری شخصیات کی 2015 کی فہرست میں بھی شامل کیا تھا۔

فوربزمیگزین نے فضا فرحان کو کم عمر کاروباری شخصیات کی 2015 کی فہرست میں بھی شامل کیا تھا۔ فوٹو:فائل

پاکستانی کاروباری شخصیت فضا فرحان کو اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطح کے پینل میں شامل کرلیا گیا۔

اقوام متحدہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی خاتون فضا فرحان کو اقوام متحدہ کے خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے بنائے گئے اعلیٰ سطح کے پینل میں شامل کرلیا گیا ہے جب کہ ورلڈ اکنامک فورم کی جانب سے گزشتہ سال اس پینل کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ اس پینل کا مقصد حکومت، سرکاری اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈر کے لیے خواتین کی بہبود اور ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے لیے تجاویز پیش کرنا ہوگا جب کہ پینل کا بنیادی مقصد اقوام متحدہ کے 2030 تک پائیدارترقی کے ایجنڈے کی تکمیل میں خواتین کی معاشی خودمختاری بھی ہے۔


28 سالہ فضا فرحان "بخش فاؤنڈیشن" کی شریک بانی اور سی ای او ہیں جب کہ وہ بخش انرجی پرائیوٹ لمیٹیڈ کی ڈائریکٹر بھی ہیں۔ فضا فرحان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہیں 30 سال یا اس سے کم عمرکی کاروباری شخصیت ہونے کے باعث فوربزمیگزین نے انہیں کم عمر کاروباری شخصیات کی 2015 کی فہرست میں بھی شامل کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطح کے پینل میں شامل کیے جانے کے بعد فضا فرحان کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے پاکستان اور پاکستانی خواتین کی نمائندگی کرنے کا موقع ملے گا اور یہ سنہری موقع ہے کہ خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے عالمی قیادت کی توجہ اس جانب دلوائی جائے۔

Load Next Story