حکومت کی عدم مداخلت سے نیب آج ایک آزاد ادارہ ہے قومی احتساب بیورو

وزیراعظم کی رائے کا احترام ہے اور ان کی تجاویز کی روشنی میں احتسابی عمل کو مزید بہتر بنایا جائے گا، نیب

وزیراعظم کی رائے کا احترام ہے اور ان کی تجاویز کی روشنی میں احتسابی عمل کو مزید بہتر بنایا جائے گا، قومی احتساب بیورو

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی عدم مداخلت کی پالیسی کی وجہ سے نیب آج ایک آزاد ادارہ ہے۔



نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارہ وزیراعظم کی رائے کا احترام کرتا ہے لیکن حکومت کی عدم مداخلت کی پالیسی کی وجہ سے ہی نیب آج ایک آزاد ادارہ ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ ادارے میں کچھ قباحتیں ورثے میں ملی تھیں جن کی بہتری کے لیے تیزی سے اقدامات کیے گئے ہیں جب کہ وزیراعظم کی تجاویز کی روشنی میں احتسابی عمل کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔




دوسری جانب چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری نے ملتان میں نیب کے ریجنل بیورو کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے ریجنل دفتر کی سالانہ بنیادوں پر کارکردگی کا جائزہ بھی لیا، اجلاس میں مانیٹرنگ ٹیم کے سنیئر رکن نے چیئرمین کو بیورو کی کمزوریوں اورکامیابیوں سے آگاہ کیا۔





اس موقع پر چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری نے کہا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے تاہم ہر ادارے میں کارکردگی میں بہتری کی گنجائش ہروقت موجود رہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیب کے فاٹا اور گلگت بلتستان سمیت 8 ریجنل بیوروزکام کر رہے ہیں، 2015 میں نیب ملتان نے 1438 شکایات وصول کیں، ملتان بیورو نے 124 میں سے87 شکایات کی تصدیق مکمل کی جب کہ 61 میں سے 43 تحقیقات مکمل کیں اور 43 میں سے 32 معاملات کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ 2015 میں نیب ملتان نے7 بدعنوان افراد کو گرفتار کیا اور 16 ریفرنس دائر کئے، اس کے علاوہ ایک سال کے دوران 2 کروڑ 11 لاکھ روپے بھی قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔

Load Next Story