تیسرا ون ڈے دلشان نے کیوی بولرز کا جینا محال بنا دیا

اوپنر کی ناقابل شکست سنچری، بارش سے متاثرہ میچ میں سری لنکا 7 وکٹ سے کامیاب۔

تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں کیوی بیٹسمین بریڈلے جون واٹلنگ کا کور ڈرائیو، ان کے 96 رنز ناٹ آئوٹ ٹیم کے کام نہ آسکے، سری لنکا نے 7 وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی ۔ فوٹو : اے ایف پی

پالے کیلی میں بارش کے بعد تلکارتنے دلشان نے کیوی بولرز کا جینا محال بنا دیا،اوپنرکی ناقابل شکست سنچری کی بدولت سری لنکا نے تیسرے ون ڈے میں ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت7 وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔


سیریز میں بھی میزبان کو 2-0 سے برتری حاصل ہوگئی، انجیلو میتھیوز نے ناقابل شکست 54 رنز بنائے، کیوی بیٹسمین بریڈلے جان واٹلنگ کے 96 رنز ٹیم کے کام نہ آسکے۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ شروع کی تو نویں اوور میں بارش ہونے لگی، کھیل شروع ہوا تو 14 اوورز میں موسم پھر حائل ہوگیا، بعد میں مقابلے کو 33، 33 اوورز تک محدود کردیا گیا، کیویز نے 6 وکٹ پر 188 رنز بنائے، بریڈلے جان واٹلنگ 96 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ جیمز فرینکلن نے 26 اور ناتھن میک کولم نے ناٹ آئوٹ 22 رنز بنائے، جیون مینڈس نے دو وکٹیں لیں۔ جواب میں سری لنکا کو 33 اوورز میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 197کا ہدف دیا گیا۔

جو اس نے صرف 3 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا۔ مین آف دی میچ تلکارتنے دلشان نے 95 گیندوں پر ناقابل شکست 102 رنز بنائے، انجیلو میتھیوز بھی 54 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ اب اگر موسم نے مہلت دی تو نیوزی لینڈ کو سیریز بچانے کے لیے باقی دونوں میچز جیتنا ہوں گے جو ہمبنٹوٹا میں شیڈول ہیں۔ دوسرے ون ڈے کا فیصلہ بھی ڈک ورتھ پر ہی ہوا تھا جبکہ بارش نے پہلے ون ڈے اور ٹوئنٹی 20میچ پر مکمل طور پر پانی پھیر دیا تھا۔
Load Next Story