لیگی ایم این اے روحیل اصغر کیخلاف سیکیورٹی گارڈ کو کچلنے کا مقدمہ درج

عدالت کے حکم پر شیخ روحیل اصغر کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا۔

شیخ روحیل اصغر نے گزشتہ برس 10 اگست کو گارڈ راز محمد کو بلیو ایریا کے فٹ پاتھ پر کچل دیا تھا۔ فوٹو:فائل

KARACHI:
مسلم لیگ (ن) کے رہنما شیخ روحیل اصغر کے خلاف سیکیورٹی گارڈ کو گاڑی کے نیچے کچلنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عدالت کے حکم پر (ن) لیگی رہنما شیخ روحیل اصغر کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمہ میں شیخ روحیل اصغر پر سیکیورٹی گارڈ کو گاڑی کے نیچے کچلنے کا الزام عائد کیا گیا ہے جب کہ مقدمے کا نمبر 71 ہے۔


مدعیہ شاہین بی بی کا کہنا ہے کہ شیخ روحیل اصغر گارڈ کو لے کر اسپتال پہنچے جہاں سیکیورٹی گارڈ دم توڑ گیا اور رکن قومی اسمبلی وہاں سے فرار ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی آپریشنز کو بھی درخواست دی مگر پولیس نے بااثر شخصیت کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا۔ دوسری جانب پولیس کا عدالت میں کہنا تھا کہ حادثے کے وقت کار ذوالفقار نامی ڈرائیور چلا رہا تھا جب کہ رکن قومی اسمبلی روحیل اصغر کار میں موجود نہیں تھے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد تھانہ کوہسار پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ شیخ روحیل اصغر نے گزشتہ برس 10 اگست کو گارڈ راز محمد کو بلیو ایریا کے فٹ پاتھ پر کچل دیا تھا، گارڈ کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس شیخ روحیل اصغر کے بیٹے علی روحیل کے خلاف بھی لاہور میں ایک گالف کلب کے سیکیورٹی گارڈ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کا مقدمہ تھانہ چھاؤنی میں درج کیا گیا تھا۔
Load Next Story