کشمیر ریلوے فزیبلٹی کی منظوری کے بعد پی سی ون پر کام شروع

وزیر اعظم میاں نوازشریف اسلام آباد مری مظفر آباد ریلوے ٹریک منصوبے کی جلد تکمیل میں ذاتی خواہش رکھتے ہیں، ذرائع

پی سی ون منظوری کیلیے آئندہ ماہ پلاننگ کمیشن کو بھیجاجائیگا، فوٹو: فائل

پاکستان ریلویز کی کشمیر ریلوے کمپنی نے اسلام آباد مری مظفر آباد ریلوے ٹریک کی فزبیلٹی رپورٹ وزیر اعظم سے منظوری کے بعد منصوبے کے پی سی ون کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے۔

آئندہ ماہ مارچ میں منصوبے کاپی سی ون پلاننگ کمیشن منظوری کے لیے بجھوادیا جائے گا۔ پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبے کے سلسلے میں حویلیاں سے خنجراب تک ریلوے ٹریک کے ساتھ اسلام آباد مری مظفر آباد ریلوے ٹریک کو مظفر آباد آزادکشمیر سے ڈڈیال ضلع مانسہرہ تک توسیع دینے کی تجویز پر بھی غور شروع کردیا ہے۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا ہے کہ گزشتہ ماہ وزیر اعظم میاں نوازشریف کی جانب سے اسلام آباد، مری مظفر آباد تک ریلوے ٹریک کی فیزبیلیٹی رپورٹ کی منظوری کے بعدکشمیر ریلوے کمپنی نے منصوبے کا پی سی ون تیار کرنا شروع کردیا ہے، جبکہ منصوبے کو مظفر آباد سے توسیع دے کر ضلع مانسہرہ کے علاقہ ڈڈیال تک ریلوے ٹریک بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ ریلویز ٹریک کو پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کے ٹریک حویلیاں اور خنجراب کے درمیان ریلوے ٹریک کے ساتھ ملایاجائے۔


ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ وزیر اعظم میاں نوازشریف اسلام آباد مری مظفر آباد ریلوے ٹریک منصوبے کی جلد تکمیل میں ذاتی خواہش رکھتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مارگلہ ریلوے اسٹیشن سے ریلوے ٹریک کو توسیع دی جائے گی جبکہ وزیر اعظم نے ہدایت کی اسلام آباد میں روزایڈ جسمین گارڈن آبپارہ کے نزدیک وفاقی دارالحکومت کا بین لاقوامی معیار کے مطابق ریلوے اسٹیشن قائم کیاجائے گا۔

ریلوے ٹریک پر 70سے زائد چھوٹے بڑے پل تعمیر کیے جائیں گے۔ اسی طرح متعدد ٹنل بھی قائم کی جائیں گی، جن کی لمبائی دو کلومیٹر تک ہوسکتی ہے ٹریک جھیلوں اور دریا کے اوپر سے پچھایا جائے گا تاکہ سیاحوں کو سیاحت کے بے شمار مواقع فراہم کیے جائیں۔ اسلام آباد سے مظفر آباد127 کلومیٹر ریلوے ٹریک کی فزبیلیٹی رپورٹ آسٹریا کی کمپنی آئی ایل ایف نے تیار کی ہے۔ فیزبیلٹی رپورٹ کی تیاری پر 58ملین روپے کی لاگت آئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے مظفرآباد تک پندرہ ریلوے اسٹیشن بنائے جائیں گے۔

اسلام آباد سے مظفر آباد کے درمیان ہموار سطح پر ٹرین کی اسپیڈ 110 کلومیٹر،پہاڑی علاقوں میں اسپیڈ 65کلومیٹر اور پہاڑی کی بلندی پر اسپیڈ 40 کلومیٹر رکھی جائے گی۔ اسلام آباد مری مظفر آباد ریلوے ٹریک بہارہ کہو،گھوڑا گلی،جھیکا گلی، پنڈی پوائنٹ، بھوربن،کوہالہ کے راستے لے جایا جائے گا۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر مری میں گھوڑا گلی، جھیکا گلی اور بھوربن کے مقام پر جدید طرزکے تین ریلوے اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔

اسلام آباد سے مری تک ٹرین ایک گھنٹہ دس منٹ میں پہنچے گی جبکہ اسلام آباد سے مظفر آباد تک سفر پونے تین گھنٹے میں طے کیاجائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹریک براڈ گیج ہوگا جس پر جدید ٹیکنالوجی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے اسلام آباد مری مظفر آباد ریلوے ٹریک کا منصوبہ مکمل ہونے کے بعد سالانہ پچاس لاکھ سے زائد سیاح اسلام آباد سے مظفرآباد تک سفر کریں گے۔
Load Next Story