کامن ویلتھ ٹیم کو پاکستان لانے کے لیے کوششیں

اگر غیرملکی ٹیم آگئی تو آئندہ پی ایس ایل کے ایک سے زیادہ میچزملک میں ہوں گے، سیٹھی

اگر غیرملکی ٹیم آگئی تو آئندہ پی ایس ایل کے ایک سے زیادہ میچزملک میں ہوں گے، سیٹھی۔ فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ کے روح رواں نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ کامن ویلتھ ٹیم کو پاکستان لانے کی کوشش کر رہے ہیں، جائلز کلارک کی مدد سے اس ٹیم کو پاکستان میں لانے میں کامیاب رہے تو اگلی پی ایس ایل کے ایک کے بجائے زیادہ میچز پاکستان میں ہونے کے مواقع بڑھ جائیں گے۔

انٹرنیشنل دبئی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ لیگ کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے، لیگ کے فائنل مقابلے کے لیے وزیر اعظم نواز شریف اور سابق کپتان عمران خان کو بھی دعوت دی تھی لیکن بدقسمتی سے دونوں نہیں آ رہے،میری رائے میں کرکٹ میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، فائنل میں چیئرمین پی سی بی شہریارخان سمیت شیخ مبارک النہیان کے علاوہ بلوچستان کے وزیر اعلی فائنل دیکھنے کے لیے ضرور آئیں گے۔


انھوں نے کہا کہ فیصلہ کن مقابلے میں لوگوں کا جوش وخروش اس قدر زیادہ ہے کہ میچ کے تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ سپر لیگ کے بعدپاکستان نے ایشیا کپ میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش جانا ہے ، ایونٹ کا پہلا یا دوسرا مقابلہ بھارت کے ساتھ ہے، لیکن پی ایس ایل عوام میں اتنی مقبول ہو گئی ہے کہ کوئی بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کی بات ہی نہیں کر رہا۔یہ لوگوں کا جذبہ اور لیگ کی کامیابی ہے۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ میری کوئی فیورٹ ٹیم نہیں بلکہ میری ٹیم پاکستان سپر لیگ کی ٹیم ہے۔

ایک اور سوال پر انھوں نے کہا کہ ہماری پہلی کوشش ہے کہ پاکستان اور بھارت کی سیریز بحال ہو، اس کے بعد آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کے حوالے سے بات کریں گے۔میری کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل کے ایک ، دو میچز پاکستان میں ضرور ہوں،کامن ویلتھ کی ٹیم پاکستان لانے کی کوشش کر رہے ہیں،جائلز کلارک یہ ٹیم پاکستان لے آتے ہیں تو اس بات کے واضح امکانات ہیں کہ ایک ، دو کے بجائے لیگ کے زیادہ میچز بھی کروا سکیں۔
Load Next Story