سندھ میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کا حکم وزیراعظم

قانون نافذ کرنیوالے ادارے بلا امتیاز کارروائی کریں، فوری چالان پیش کئے جائیں

سازش ناکام بنادینگے، سیاسی قوتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائیگا، وزیراعظم کی کراچی میں گفتگو،آج آئیڈیاز 2012 کا افتتاح کریں گے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروںکوکراچی سمیت صوبے بھرمیں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت ترین ٹارگیٹڈ آپریشن کرنے کے احکام جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ جو جرائم پیشہ عناصر گرفتار کیے جارہے ہیں ان کے خلاف درج مقدمات کے چالان جلد ازجلدعدالتوں میں پیش کیے جائیں۔

وہ منگل کو گورنر ہائوس میں قائم مقام گورنر نثار احمد کھوڑواور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیاسی صورتحال، امن وامان ،اتحادی جماعتوں کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ، نئے بلدیاتی نظام اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیراعظم کو کراچی سمیت صوبہ بھر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ آج (بدھ) کو کراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز2012 کا افتتاح کریں گے۔


وزیراعظم نے سندھ حکومت کو ہدایت کی کہ جو عناصر کراچی،حیدرآباد سمیت صوبہ بھر میں امن وامان خراب کرنے کی سازش کررہے ہیں، ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، ٹارگٹ کلرز، بھتہ خوروں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے بلا امتیازفوری بھرپور ٹارگیٹڈ آپریشن کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے، اس شہر کی ترقی سے پورے ملک کی ترقی وابستہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں،حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے ہر مکن اقدامات کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد میں امن وامان کی صورتحال بہتربنانے کے لیے سیاسی قوتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گااور بدامنی پھیلانے کی سازش کو عوام کے تعاون سے ناکام بنایا جائے گا۔

انھوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ اتحادی جماعتوں سے بات چیت جاری رکھی جائے اور ان کے تحفظات کو دور کیا جائے جبکہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کو سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں امداد وبحالی کے کاموں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے اور ان متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ انفرااسٹرکچر کی بحالی کیلئے جلد سے جلد اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی سمیت صوبہ بھر میں قیام امن اور عوامی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔

قبل ازیں وزیراعظم جب کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو قائم مقام گورنر نثار کھوڑو، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ دوسری جانب وزیراعظم راجہ پرویزاشرف سے گورنر ہائوس میں پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں اور صوبائی وزراء نے بھی ملاقات کی۔

Recommended Stories

Load Next Story