ایچ ای سی کی نئی رینکنگ میں قائد اعظم یونیورسٹی ملک کی بہترین جامعہ قرار

جامعہ پنجاب اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق قائدِ اعظم یونیورسٹی اس وقت اول نمبر پر ہے۔ فوٹو: فائل

اعلیٰ تعلیمی کمیشن ( ایچ ای سی ) نے پاکستان کی بہترین جامعات کی فہرست جاری کردی ہے جس میں قائد اعظم یونیورسٹی کو ملک کی سب سے معیاری جامعہ قرار دیا گیا ہے جب کہ جامعہ پنجاب اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

ایچ ای سی کے سربراہ ڈاکٹر مختار احمد نے ملک بھر کی 129 جامعات کی رینکنگ جاری کی ہے جس میں جامعات کے معیار میں تدریس کا انداز، معیارِ تدریس، تحقیق، کمیونٹی کی ترقی اور سماجی وحدت جیسے دیگر امور کو نوٹ کیا گیا ہے۔ چیئرمین کے مطابق کمیونٹی ڈیولپمنٹ کو جامعات کا ایک لازمی جزو ہونا چاہیے جس سے تعلیمی اداروں میں سماجی ہم آہنگی اور اتحاد کی فضا پیدا ہوتی ہے۔



نئی رینکنگ کے تحت نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) گزشتہ برس چھٹے نمبر پر تھی لیکن اب وہ تیسرے نمبر پر آگئی ہے جب کہ فیصل آباد کی یونیورسٹی آف ایگریکلچر گزشتہ برس دوسرے نمبر پر تھی جو اب چوتھے نمبر پر آگئی ہے۔ کومسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کی رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے جو گزشتہ برس چوتھے نمبر کے مقابلے میں اب چھٹے نمبر پرآگئی ہے۔

رینکنگ میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، انجینئرنگ جامعات میں پہلے نمبر پر ہے جب کہ اسی زمرے میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز نے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا تیسرا نمبر اور لاہور کی انجینئرنگ پانچویں نمبر پر آگئی ہے۔


بزنس اور مینجمنٹ کی تعلیم میں کراچی کی اقرا یونیورسٹی نے پہلا نمبر حاصل کیا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ برس یہ پہلی پانچ جامعات میں بھی شامل نہیں تھی۔ اس کی وضاحت کرتے ہوئے چیئرمین ایچ ای سی نے بتایا کہ گزشتہ سال یہاں سے بہت اچھے پی ایچ ڈی تیار ہوئے اور اسی وجہ سے یونیورسٹی کو پہلا درجہ دیا گیا ہے۔ لاہور اسکول آف اکنامکس کا دوسرا اور کراچی میں انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کا تیسرا نمبر ہے۔ ایچ ای سی کی رینکنگ میں کراچی یونیورسٹی آٹھویں درجے پر موجود ہے۔

زرعی اور ویٹرنیری جامعات:

زرعی اور جانوروں کی نگہداشت (ویٹرنری) کے شعبے میں فیصل آباد کی مشہور زرعی یونیورسٹی نے اس سال بھی اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے جب کہ لاہور کی یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز نے بھی گزشتہ سال کی اپنی دوسری پوزیشن کو برقرار رکھا ہے۔ تیسرے نمبر پر پشاور کی یونیورسٹی آف ایگریکلچر ہے۔

میڈیکل یونیورسٹی کی درجہ بندی:

کراچی میں آغا خان میڈیکل یونیورسٹی کو اس سال پہلا نمبر ملا جب کہ لاہور میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا دوسرا اور کراچی میں ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز تیسرے نمبر پر ہے۔ چوتھے نمبر اسلام آباد کی رفاہ یونیورسٹی اور پانچویں نمبر پر حیدرآباد کی اسرا یونیورسٹی ہیں۔
Load Next Story