پی ایس ایل عمر اکمل 335 رنز بناکر سب سے آگے

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ویسٹ انڈین پیسر رسل 16شکاروں کے ساتھ کامیاب بولر بنے

عمر اکمل نے 7 میچزمیں حصہ لے کر مجموعی طور پر 335 رنز بنائے۔ فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندر کے عمر اکمل سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے، زیادہ کھلاڑیوں کا شکار کرنے والوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے آندرے رسل سرفہرست رہے جب کہ لیگ کی واحد سنچری بنانے کا اعزاز اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان کے نام رہا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی پہلی سپر لیگ میں سب سے زیادہ اسکور کرنے کا میلہ لاہور قلندرز نے لوٹ لیا، مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے 7 میچزمیں حصہ لے کر مجموعی طور پر 335 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کے کپتان روی بوپارا 329 رنز کے ساتھ دوسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان 300 رنزکے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے احمد شہزاد کی 290 رنز کے ساتھ چوتھی اور پشاور زلمی کے تمیم اقبال کی 267 رنزکے ساتھ پانچویں پوزیشن رہی۔لیگ میں سب سے زیادہ 16 وکٹوں کا اعزاز اسلام آباد یونائیٹڈ کے آندرے رسل کے نام رہا۔


انھوں نے10 میچزمیں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 16 وکٹیں حاصل کیں۔ پشاور زلمی کے وہاب ریاض صرف ایک وکٹ کی کمی کے ساتھ دوسرے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز 13وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد سمیع 12 وکٹوں کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہیں جبکہ کوئٹہ کے ایلوئٹ 11 شکار کرکے پانچویں نمبر پر ہیں۔ایونٹ کی انفرادی اننگز میں سب سے زیادہ سکور بنانے کا اعزاز اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان کے نام رہا، انھوں نے لیگ کے تیسرے پلے آف میچ میں پشاور زلمی کیخلاف کھیلتے ہوئے 117 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی۔

لاہور قلندر کے عمر اکمل93 ر نز کے ساتھ دوسرے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے رائٹ86رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔ ایک اننگز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز کراچی کنگز کے روی بوپارا کے نام رہا، انھوں نے لاہور قلندرز کے خلاف شارجہ میں کھیلتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا تھا۔ پشاور زلمی کے شاہد آفریدی5 وکٹوں کے ساتھ دوسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد سمیع اتنی ہی وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
Load Next Story