پی ایس ایل ملکی کرکٹ کا نیا دور ہے سابق چیرمین پی سی بی توقیرضیا

غیرملکی پلیئرز کی شرکت بورڈ کی کامیابی ہے، اچھا پلیٹ فارم میسر آگیا، سابق چیئرمین

ٹورنامنٹ کامیاب ہو توآئندہ کیلیے ان کا اعتماد بھی بڑھتا ہے، توقیر ضیاء۔ فوٹو: فائل

توقیرضیا نے پی ایس ایل کوپاکستان کرکٹ کے نئے دورکا آغاز قراردیدیا، سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ غیرملکی کھلاڑیوں کی شرکت پی سی بی کی کامیابی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین پی سی بی توقیر ضیا کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے انعقاد سے کئی مقاصد حاصل کرلیے گئے ہیں، ایونٹ کروانے کی کوشش ایک عرصے سے جاری تھی، نسیم اشرف اورذکا اشرف بھی پیشرفت کی خواہش رکھتے تھے لیکن بوجوہ اس منصوبے کوعملی جامہ نہیں پہناسکے۔


غیرملکی کھلاڑیوں کی شرکت بڑی کامیابی ہے جس پر پی سی بی کومبارکباد پیش کرتا ہوں، انٹرنیشنل پلیئرزکسی ایونٹ کا حصہ بنیں توان کی میزبان کرکٹرز سے دوستیاں اور روابط بڑھتے ہیں، ٹورنامنٹ کامیاب ہو توآئندہ کیلیے ان کا اعتماد بھی بڑھتا ہے، یہی غیر ملکی کرکٹرز آپ کی انتظامی صلاحیتوں کے حوالے سے اچھا تاثر لیکراپنے وطن واپس جاتے ہیں تو ملک کے بارے میں غلط تصورات ختم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ کچھ امور میں کمزوریاں ضرورتھیں لیکن مجموعی طور پی ایس ایل کو ایک کامیاب ایونٹ قرار دیا جاسکتا ہے، امید ہے کہ پی سی بی اگلے ایڈیشن سے قبل نہ صرف ان مسائل پر قابو پانے کی کوشش کریگا بلکہ چند میچز پاکستان میں کروانے کا بھی پلان بنایا جائے گا، بہتر میزبانی سے ملک کا تاثر بہتر ہوگا، اعتماد کی فضا بحال ہونے سے پورا ایونٹ ہی ملک میں کروانے کی راہ ہموار کی جاسکتی ہے۔
Load Next Story