نیا باصلاحیت ڈیولپمنٹ ہاکی اسکواڈ بنانے کا منصوبہ

قومی کھلاڑیوں کی فٹنس اور بہتری کیلیے 2 سے3 ماہ بعد کیمپس لگائے جائیں گے

قومی کھلاڑیوں کی فٹنس اور بہتری کیلیے 2 سے3 ماہ بعد کیمپس لگائے جائیں گے. فوٹو: فائل

پی ایچ ایف نے باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل نیا ڈیولپمنٹ اسکواڈ بنانے کا پروگرام ترتیب دیدیا، ابتدائی مرحلے میں یہ25 سے35 پلیئرز پر مشتمل ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مستقبل میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی بڑی کھیپ تیار کرنے کے لیے سینئر، وائٹس اور جونیئرکے ساتھ نیا ڈیولپمنٹ اسکواڈ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، تاریخ میں پہلی بار ایسا کیا جا رہا ہے، ماضی میں ٹیلنٹڈ پلیئرز کی کمی کے باعث30 سے35 کھلاڑیوں کو ہی کیمپ میں مدعو کیا جاتا تھا جس کی وجہ سے وہی پرانے چہرے بار بار قومی ٹیم کا حصہ بننے میں کامیاب ہو جاتے تھے۔


پی ایچ ایف کی نئی انتظامیہ نے ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ سمیت ایونٹس میں عوامی توقعات کے مطابق نتائج حاصل کرنے کیلیے نئے ٹیلنٹ کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے،جس کے تحت باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل نیا ڈیولپمنٹ اسکواڈ تیار کیا جائے گا، تربیتی کیمپ ان دنوں اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ہے جس میں مجموعی طور پر130کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا تھا،20 کی جونیئر چیمپئن شپ میں شرکت کی وجہ سے پلیئرز کی موجودہ تعداد110رہ گئی ہے۔

پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کھلاڑیوں کی فٹنس کے ساتھ ان کی گیم اسکلز پر بھی کڑی نظر رکھ رہی ہے، ذرائع کے مطابق پریشر گیم کے ذریعے پلیئرز کی صلاحیتوں کو جانچا جا رہا ہے، انھیں سینئرزکے ساتھ کھیلنے کے بھر پور مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان ٹرائلز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو سلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ کے ساتھ ڈیولپمنٹ اسکواڈ کا بھی حصہ بنایاجائے گا،ہر دو سے تین ماہ بعد پی ایچ ایف کے ماہر کوچز کی نگرانی میں ان کا کیمپ لگایا جائے گا، پی ایچ ایف تھنک ٹینک کا خیال ہے کہ پاکستان میں باصلاحیت گول کیپرز کی بھی کمی ہے۔ اس شعبے میں بہتری لانے کیلیے بڑی تعداد میں نئے گول کیپرز کو سامنے لانے کی ضرورت ہے، اسلام آباد میں جاری کیمپ میں مجموعی طور پر13کوچز موجود ہیں، پی ایچ ایف ٹیم مینجمنٹ کا خیال ہے کہ پاکستان وائٹس اور جونیئر میں سے بھی7کے قریب گول کیپرز کا انتخاب کر کے20 کا الگ سے کیمپ لگایا جائے گا، وہاں انھیں جدید ہاکی کے مطابق ٹریننگ دی جائے گی۔
Load Next Story