فٹبال رینکنگ ارجنٹائن نے پرتگال سے تیسری پوزیشن چھین لی

پانچ مرتبہ کی چیمپئن سائیڈ برازیل گذشتہ ماہ 2 دوستانہ میچز میں کامیابی کے باوجود ٹاپ 10 میں شامل نہیں ہوسکی۔

اٹلی 3 درجے آگے بڑھ کر پانچویں نمبر پر پہنچ گیا۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
ورلڈ کپ کوالیفائر میں فتوحات کی بدولت ارجنٹائن نے فیفا رینکنگ میں پرتگال سے تیسری پوزیشن چھین لی۔

یورپی سائیڈ ایک درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلی گئی، پانچ مرتبہ کی چیمپئن سائیڈ براز یل گذشتہ ماہ کھیلے گئے اپنے دونوں دوستانہ میچز میں کامیابی کے باوجود ٹاپ 10 میں شامل نہیں ہوسکی۔2006 کا ورلڈ چیمپئن اٹلی3 درجے آگے بڑھ کرپانچویں پوزیشن پر براجمان ہوگیا، روس کو بھی اتنے ہی درجے ترقی نے دنیا کی دس بہترین ٹیموں میں شامل کرادیا، اس کی پوزیشن 9 ہے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو جاری ہونے والی فیفا عالمی رینکنگ میں بھی پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن سائیڈ برازیل ٹاپ 10 میں واپسی اختیار نہیں کرسکی۔


گذشتہ ماہ عراق اورجاپان کیخلاف دوستانہ فٹبال میچز میں کامیابی کے باوجود برازیلین سائیڈ کو محض ایک درجے ترقی ملی اور وہ 13ویں نمبر پر آگئی، 2014 ورلڈ کپ میں بطور میزبان جگہ پکی کرلینے والی ٹیم رینکنگ کے پیچیدہ نظام کے تحت اپنے بیشتر میچز جیتنے کے باوجود عالمی دوڑ میں دیگر ممالک سے بدستور پیچھے اور اپنی تاریخ کی کمترین 13 و 14ویں پوزیشن پر اکتفا کررہی ہے، رینکنگ میں دوستانہ میچز کی اہمیت دیگر کے مقابلے میں کم ہے، برازیلین ٹیم گذشتہ برس امریکا کپ کے بعدکھیلے گئے 19 مقابلوں میں سے 15 میں فتحیاب رہی۔

جنوبی امریکن چیمپئن یوراگوئے ڈرامائی طور پر 4 درجے تنزلی کے بعد یکدم 7 سے 11ویں نمبر پر چلاگیا، ارجنٹائن کو یوراگوئے اور چلی کیخلاف ورلڈ کپ کوالیفائر میں ملنے والی فتوحات نے ایک درجے بہتری کے ساتھ تیسری پوزیشن کا حقدار بنوادیا، ابتدائی دو پوزیشنز میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی، ورلڈ اور یورپیئن چیمپئن اسپین بدستور پہلے نمبر پر رہا، جرمنی نے دوسری پوزیشن سنبھالی ہوئی ہے۔

میکسیکو نے 5 درجے ترقی کی بدولت 14ویں پوزیشن پر قبضہ جمایا جبکہ الجیریا 5 قدم آگے بڑھ کر19ویں نمبر پر آگیا، 1998 کا ورلڈ چیمپئن فرانس پانچ درجے تنزلی کے بعد 18 ویں نمبر پر چلاگیا،ہنگری نے ورلڈ کپ کوالیفائنگ میں اسٹونیا اور ترکی کیخلاف کامیابیوں کی بدولت 19 درجے کی چھلانگ لگاکر 30 ویں پوزیشن اپنے نام کرلی، جمہوریہ ڈومنیکن پہلی مرتبہ دنیا کی 100 بہترین سائیڈز میں شامل ہوگیا، اس کی پوزیشن 92 ہے۔
Load Next Story