انٹرنیشنل اسپورٹس فیسٹیول کا رنگارنگ تقریب میں افتتاح

پاکستان سمیت 24 ممالک کے 1381 ایتھلیٹس نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔

پاکستان سمیت 24 ممالک کے 1381 ایتھلیٹس نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔ فوٹو: آن لائن

انٹرنیشنل اسپورٹس فیسٹیول کا بدھ کو لاہور میں رنگارنگ تقریب کے ساتھ افتتاح ہوگیا۔


مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے باضابطہ آغاز کا اعلان کیا،اس موقع پر بھارتی پنجاب کے نائب وزیر اعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل، مختلف ممالک کے سفارتکار اور سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں، پاکستان سمیت 24 ممالک کے 1381 ایتھلیٹس نے مارچ پاسٹ میں بھی حصہ لیا، پنجاب یوتھ فیسٹیول میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایتھلیٹس نے مشعل تھام کر اسٹیڈیم کا چکر لگایا اور اسے روشن کیا، سب سے پہلے پاکستانی دستہ گرائونڈ میں داخل ہوا تو شائقین نے کھلاڑیوں کا پُرتپاک استقبال کیا،بعدازاں تمام انٹرنیشنل ٹیموں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔

افتتاحی تقریب میں رنگارنگ پروگرام بھی پیش کیے گئے۔ اس موقع پر خطاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت نے تین جنگیں لڑیں جس سے دونوں ممالک کے ہاتھ غربت اور تباہی کے سواکچھ نہیں آیا،انھوں نے بھارتی نائب وزیر اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیں ہاکی، کشتی اور کبڈی کی جنگیں لڑیں، ایک ٹیم جیتے اور دوسری ہارے گی اس کے نتیجے میں ہم اچھے پڑوسیوں کی طرح رہیں گے،انھوں نے کہا کہ پٹیالہ اور امرتسر میں پاکستان کی ہاکی اور کرکٹ ٹیمیں بھی آئیں گی، پہلا پنجاب کرکٹ مقابلہ لاہور میں ہوگا، اس طرح پنجاب ہاکی مقابلے بھی ہوں گے جس کے چیف آرگنائزرسابق کپتان اختر رسول ہوں گے۔
Load Next Story