پہلے روز ڈبل سواری کی پابندی پر عملدرآمد نہ ہو سکا

خلاف ورزی کرنے والوں کوپولیس تنبیہہ کرتی رہی، کئی موٹر سائیکلوں کی ہوا نکال دی

حیدرآباد:بدامنی کے بعد رینجرز تعینات ہے، جبکہ پولیس اہلکار موٹر سائیکل سوار کی تلاشی لے رہا ہے۔ فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس

امن و امان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر شہر میںموٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی پر پہلے روز عمل نہ ہو سکا ۔

پولیس اہلکار پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے موٹر سائیکل سواروںکو روک کر تنبیہ کر کے چھوڑتے رہے ۔تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور 4 روز کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں 11 افراد کے قتل اور 9 کے زخمی کیے جانے کے پیش نظر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر برکات رضوی نے منگل کی شب موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائدکر دی تھی۔


جس کے پیش نظر بدھ کو شہرکی مختلف شاہراہوں اور چوراہوں پر تعینات پولیس اہلکار موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کرنے والوں کو روک کر نہ صرف تلاشی لیتے رہے بلکہ سزا کے طور پر ٹائروں کی ہوا بھی نکالنے کے ساتھ انہیں پیدل جانے کی ہدایت کی جاتی رہی اور تنبیہ کرتے رہے کہ آئندہ نرم رویہ اختیار نہیں کیا جائے۔

جبکہ کینٹ قبرستان کے سامنے تلاشی کے دوران ایک نوجوان سے لائیسنس یافتہ پسٹل بھی برآمد ہوا، جسے تنبیہ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔ڈی ایس پی انور دُرانی نے ایکسپریس کو بتایا کہ نوجوان کے پاس لائسنس یافتہ پسٹل تھا جس کی تصدیق کے بعد اسے چھوڑ دیا گیا۔ دریں اثنا شہر کے مختلف مقامات پر رینجرز بھی تعینات کر دی گئی ہے۔
Load Next Story