’’اچھا تو ہم چلتے ہیں‘‘سپراسٹار راجیش کھنہ چل بسے

عمر69 سال تھی، کینسر کے مریض تھے، آخری رسومات آج ادا کی جائینگی

عمر69 سال تھی، کینسر کے مریض تھے، آخری رسومات آج ادا کی جائینگی (فوٹو ایکسپریس)

بھارتی فلم انڈسٹری پر برسوں تک راج کرنے والے لیجنڈری سپر اسٹار راجیش کھنہ انتقال کر گئے۔69 سالہ راجیش کھنہ سرطان کے مرض میں مبتلا تھے۔ ایک روز قبل ان کو ممبئی کے لیلاوتی اسپتال سے گھر واپس بھجوایا گیا تھا، راجیش کی بیوی، بیٹیاں اور داماداداکار اکشے کمار انتقال کے وقت ان کے پاس موجود تھے، خبرسنتے ہی دنیا بھر میں ان کے لاکھوں پرستار غم میں ڈوب گئے

جبکہ گھر پر مداحوں کاتانتا بندھ گیا، راجیش کھنہ عرف کاکا 29 دسمبر 1942 کو پیدا ہوئے، ان کا پیدائشی نام جیتن کھنہ تھا۔ ان کی پہلی فلم آخری خط 1966 میںریلیز ہوئی جسے آسکر ایوارڈ بھی ملا تاہم ان کے کیریئر کواصل عروج 1967 کی فلم ''راز''سے ملا جس کے بعد کامیاب فلموں کی لائن لگ گئی، ان میں امر پریم ، آرادھنا ،آنند،کٹی پتنگ، اوتار،بے وفائی، محبوب کی مہندی، داغ، آپ کی قسم، نمک حرام، ہاتھی میرے ساتھی، بہاروں کے سپنےاتفاق، دو راستے' محبوبہ اورباورچی وغیرہ شامل ہیں۔ انھیںبالی ووڈکا پہلاسپراسٹار بھی کہاجاتا تھا۔انھوں نے مسلسل 15ہٹ فلمیں دے کر ریکارڈ قائم کیا۔ 1976 سے 1978کے دوران راجیش کھنہ نے پھر وہی دل لایا ہوں اور بندش،


جیسی کامیاب فلمیں دیں۔ تھوڑی سی بے وفائی، درد، قدرت، دھنوان اور شانتی نے 1982 میں دھوم مچادی'انھوں نے 150سے زائد فلموں میں کام کیا،3بار فلم فیئر اور 4 بار بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا، 2005ء میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا گیا، حال ہی میں وہ ایک زمانے بعد ٹی وی پر ایک پنکھے کے اشتہارمیں نظر آئے اوران کے اس کام کے بھی کافی تذکرے رہے ہیں۔ انھوں نے 1973 میں اداکارہ ڈمپل کپاڈیا سے شادی کی، دونوں میں1982میں علیحدگی ہوگئی تاہم طلاق نہیں ہوئی،ان کی دو بیٹیاں رنکی اور ٹوئنکل کھنہ ہیں۔ راجیش کھنہ کانگریس کے ٹکٹ پر 1991سے 1996رکن پارلیمنٹ بھی رہے۔

انھوں نے پروڈکشن میں بھی بڑا نام کمایا۔ آخری رسومات آج ادا کی جائیںگی۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے راجیش کھنہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ راجیش کھنہ کے ساتھ ہی ایک دور کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ سبھاش گھئی نے کہا ذہنی طور پر وہ بہت مضبوط تھے' آشا بھوسلے کا کہنا تھا ان میں بہت عاجزی اور سادگی تھی۔ ہیما مالنی نے کہا کہ ان کا اس دنیا سے جانا ہندی فلم انڈسٹری کے لیے بڑا نقصان ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story