سری لنکا زخموں سے چور بھارت پر حملے کیلیے بے تاب

دھونی اوردھون بھی فٹنس مسائل کا شکار،روہت نہ کھیلے توپارتھیواوپننگ کریںگے

دھونی اوردھون بھی فٹنس مسائل کا شکار،روہت نہ کھیلے توپارتھیواوپننگ کریںگے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ایشیا کپ میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان اہم معرکہ منگل کو ہوگا، آئی لینڈرز زخموں سے چور بھارت پر حملے کیلیے بے تاب نظر آتے ہیں، فتح کے ذریعے فائنل میں جگہ بنانے کے امکانات کو زندہ رکھنے کی کوشش ہوگی۔

انجرڈ کپتان لسیتھ مالنگا کے میدان میں اترنے کا امکان کم ہے، دوسری جانب بھارتی ٹیم تمام پریشانیوں کو پس پشت ڈال کر کامیابی کی راہ پر گامزن رہنے کیلیے پُراعتماد ہے، اوپنر روہت شرما کھیلنے کے قابل نہیں ہوئے تو پارتھیو پٹیل بطور اوپنر اجنکیا راہنے کا ساتھ دیں گے، کپتان دھونی کی اپنی شرکت بھی مشکوک ہے۔


تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ میں بنگلہ دیش سے شکست کی وجہ سے سری لنکا کا سفر کٹھن ہوچکا، اسے فائنل میں اپنی رسائی کے امکانات روشن رکھنے کی خاطر بھارتی ٹیم کو زیر کرنے کا چیلنج درپیش ہے،پلیئرز اس کیلیے تیار بھی نظر آتے ہیں، بنگلہ دیش سے میچ میں لسیتھ مالنگا گھٹنے کی تکلیف کے باعث نہیں کھیلے تھے، ان کی بھارت سے میچ میں بھی شرکت یقینی نہیں ہے، قیادت کا فریضہ انجام دینے والے انجیلو میتھیوز نے کہاکہ حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا، آخری لمحات میں مالنگا کے میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا جائیگا۔

دوسری جانب بھارت کے فٹنس مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھتے جارہے ہیں، دھونی کمر کی تکلیف کے باعث بنگلہ دیش سے پہلا میچ نہیں کھیلے تھے مگر پاکستان سے مقابلے کیلیے میدان میں اترے،وہ خود کو بہتر خیال نہیں کررہے، اسی طرح شیکھر دھون بھی انجرڈ ہیں، ان کی جگہ پاکستان کیخلاف اجنکیا راہنے نے اوپننگ کی تھی، اب دوسرے اوپنرروہت شرما بھی انجرڈ ہوچکے۔

ہفتے کوعامر کے یارکر پر گیند ان کے پاؤں پر لگی تھی، اگرچہ ایکسرے سے کسی فریکچرکی نشاندہی نہیں ہوئی مگر احتیاط کے طور پر آرام دیا جا سکتا ہے، اس صورت میں راہنے کے ساتھ پارتھیو پٹیل اوپننگ کریں گے۔ اسکواڈ میں شامل ہربھجن سنگھ اور پوون نیگی صرف اسی صورت میں ہی الیون کا حصہ بن سکتے ہیں جب ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری اور کپتان دھونی کا مود تجربات کا ہو، ایسا ہوتا ابھی دکھائی نہیں دیتا۔
Load Next Story