اذلان شاہ ہاکی کیمپ کے دوسرے مرحلے میں 50 پلیئرز مدعو

5گول کیپرز، 10 فل بیکس، 12 ہاف بیکس اور23 فارورڈز شامل، 5 مارچ سے تربیت کا آغاز کریںگے، حنیف خان کیمپ کمانڈنٹ مقرر

ورلڈ ہاکی لیگ کے بعد قومی ٹیم ایکشن میں دکھائی نہیں دے سکی، پریکٹس ٹورنامنٹ میں بہتر نتائج کی کوشش کریں گے،خواجہ جنید۔ فوٹو :فائل

ملائیشیا میں شیڈول سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کے تربیتی کیمپ کیلیے50 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا، دوسرے مرحلے میں5گول کیپرز، 10 فل بیکس، 12 ہاف بیکس اور23 فارورڈزجوہر ٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں 5 مارچ سے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

سابق کپتان حنیف خان کوکیمپ کمانڈنٹ مقررکیا گیا ہے، ہیڈکوچ خواجہ جنید کا کہنا ہے کہ ورلڈ ہاکی لیگ کے بعد قومی ٹیم ایکشن میں دکھائی نہیں دے سکی، اذلان شاہ پریکٹس ٹورنامنٹ ہوگا جس میں اپنے طورپر بہتر سے بہتر نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کو اب اپریل میں ملائیشیا کے شہرایپوہ میں شیڈول سلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ کا چیلنج درپیش ہے،ایونٹ میں گرین شرٹس سمیت مجموعی طور پر 8 ٹیمیں شریک ہوں گی، ٹیم2 سال بعد ایونٹ میں شریک ہو رہی ہے۔

اختر رسول کی زیرسربراہی کام کرنے والی فیڈریشن نے مالی مشکلات کو جواز بنا کر 2014 کے ایڈیشن میں شرکت کرنے سے معذرت کر لی تھی،اگلے برس ٹورنامنٹ انتظامیہ نے پاکستانی ٹیم کو مدعوکرنا ہی مناسب نہ سمجھا تھا، رواں برس بھی شرکت کے امکانات بہت کم تھے تاہم ایشین ہاکی فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹیوآفیسر طیب اکرام ، پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری شہباز احمد سینئرکی کوششوں سے ٹیم اپنی جگہ پکی کرنے میں کامیاب رہی۔


پی ایچ ایف نے پہلے مرحلے میں اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کیمپ لگایا جس میں مجموعی طور پر 130 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا،دوسرے مرحلے میںیہ تعداد کم کر کے 50 کر دی گئی ہے، طلب کردہ کھلاڑیوں میں 5 گول کیپرز، 10 فل بیکس، 12 ہاف بیکس اور23 فارورڈز شامل ہیں۔ پی ایچ ایف نے سابق اولمپئن حنیف خان کو منیجر اور کیمپ کمانڈنٹ مقرر کیا ہے،کیمپ کے شرکاکو5مارچ کو دوپہر کے بعد کیمپ کمانڈنٹ کو جوہرٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

منتخب پلیئرز میں عمران بٹ، امجد علی، مظہر عباس، یاسر، ولید، محمد عرفان، محمد علیم بلال، سید کاشف شاہ، اسد عزیز، نواز، اعجاز احمد، صدیق سلمان، خالد بھٹی، سلطان عامر، منورکاکڑ ،فرید احمد، راشد محمود، تصور عباس، محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق ارشد، سلیم ناظم، زوہیب اشرف، کاشف جاوید، علی حسن، فیصل قادر، ریحان اشرف، قاضی اسفند یار،عرفان جونیئر، محمد عمر بھٹہ، محمدرضوان سینئر، محمد کاشف علی، علی شان، محمد ارسلان قادر، عبدالحسیم خان، تیمور ملک، سمیع اللہ ، اویس الرحمان، شہریار، علی رضا، اعجاز احمد، فیاض یعقوب، جمیل بوستان، حمید اللہ، ذیشان بخاری، مشرف، قمر علی، اویس خان،کریم خان، اکبر علی اور رضوان علی شامل ہیں۔

ادھر چیف کوچ خواجہ جنید نے کہاہ سلطان اذلان شاہ سخت ٹورنامنٹ ہے، اس کے باوجوداچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں انھوں نے کہاکہ پاکستانی ٹیم بیلجیئم میں شیڈول ورلڈ ہاکی لیگ کے بعد سے انٹرنیشنل ایونٹس میں دکھائی نہیں دی، جس کی وجہ سے زیادہ تر کھلاڑی آؤٹ آف پریکٹس ہیں، سلیکشن کمیٹی نے ملک بھر سے ٹرائلز کے بعد نیا کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا،ہم اذلان شاہ میں شریک ٹیموں کو دیکھتے ہوئے بہترین ٹیم منتخب کریں گے،انھوں نے کہا کہ میں راتوں رات مثبت نتائج کا دعویٰ نہیں کر سکتا، ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
Load Next Story