کراچی رینجرز ہیڈ کوارٹر پرخودکش حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی
نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں رینجرز ہیڈکوارٹرز پر خودکش حملے کے نتیجے میں رینجرز کے 3اہلکار شہید جب کہ 27افراد زخمی ہوگئے۔
دھماکہ صبح 6 بجکر 55 منٹ پر ہوا جب دہشت گردوں نے رینجرز ہیڈکوارٹر کے ایک حصے میں بارود سے بھرا منی ٹرک ٹکرا دیا جہاں رینجرز اہلکاروں کی رہائش گاہ بھی تھی، ایکسپریس نیوز کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں رینجرز کے 3اہلکار شہیداور27 افراد زخمی ہوگئے، پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں 150 کلو گرام بارود استعمال کیا گیا جس کی آواز 15 کلو میٹر دور تک سنی گئی۔
تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے حملے کی ذمہ داری قوبل کر لی ہے، ترجمان نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی ایسے حملے جاری رکھے جائیں گے۔
دھماکے کے ساتھ ہی عمارت میں آگ لگ گئی اور عمارت کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا، اطلاع ملتے ہی رینجرز حکام اور پولیس کے ساتھ ریسکیو ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
پولیس افسران کا کہنا ہے کہ دھماکہ خودکش تھا اور موقع سے ایک لاش کے اعضا بھی ملے ہیں جس پر شبہ ہے یہ خود کش حملہ آور ہوسکتا ہے۔
آئی جی سندھ فیاض لغاری نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ خود کش تھا اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کودھماکے کی پہلےہی اطلاع مل گئی تھی لیکن جگہ کا تعین نہیں کیا گیا تھا۔