ڈیڈی جو نہ کر سکے وہ کام کرن جوہر نے کر دکھایا عالیہ بھٹ

پہلے نوجوانوں کے دل جیتنا چاہتی تھی اب اس کے بعد تمام شائقین کی پسند کا بھی خیال رکھوں گی،عالیہ بھٹ

ہر طرح کا کردار نبھاناچاہتی ہوں،عالیہ بھٹ۔ فوٹو : فائل

JEDDAH:
بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے کہا ہے کہ نئی فلم کو نوجوانوں نے زیادہ پسند کیا ہے ۔

فلم کی کہانی بھی نئی ہے اس پر نقل کا الزام درست نہیں ہے ۔مزید فلموں میں کام کروں گی۔ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے کے لیے فلم میں آئی ہوں۔عالیہ بھٹ نے بتایا کہ مجھے اپنے ڈیڈی مہیش بھٹ سے توقع تھی کہ وہ مجھے لانچ کریں گے، لیکن یہ کام کرن جوہر نے کردکھایا میں ان کی ممنون ہوں ۔اب میرے لیے راستے کھلے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایسی کئی فلیش بیک کی کہانیاں ہیں جن پر کام ہوچکا ہے اور ان پر ایسے ہی الزامات لگائے جاتے رہے ہیں۔ اس سوال پر کہ کیا اب وہ اس طرح کی ہی فلمیں کریں گی تو عالیہ کا کہنا تھاکہ میں پہلے تو نوجوانوں کے دل جیتنا چاہتی تھی اب اس کے بعد تمام شائقین کی پسند کا بھی خیال رکھوں گی۔

ہر طرح کا کردار نبھاناچاہتی ہوں۔ نئی فلموں میں کام کرنے کی آفرز ہیں اور میں اب آگے چل کر اچھی کہانیوں کا بھی انتخاب کرنے لگوں گی۔عالیہ کا کہنا ہے کہ فلم ''اسٹوڈنٹ آف دی ایئر'' میںمحبت اورپیارکے حوالے سے جو رومانوی سین ہیں وہ اس فلم کی ڈیمانڈ تھے دیکھنے والے یہ خود فیصلہ کرسکتے ہیں کہ ایسے سین زبردستی نہیں ڈالے گئے ان کی ضرورت تھی اور یہ فلم کا حصہ بنے، یہ سین ہی کہانی کو مکمل کرتے ہیں ۔انھوں نے مزید کہاکہ آیندہ بھی ایسا کوئی بولڈ سین اگر فلم کی ضرورت قرار پایا تو بخوشی کروں گی ۔اداکارہ نے انٹرویو کے دوران کہا کہ کسی بھی فلم کی کہانی اہم ہوتی ہے اور کہانی میں ''اوریجنیلٹی ''نظر آنی چاہیے ۔اگر حقیقت کے قریب سین ہوں گے تو ہی اسے تکنیکی اعتبار سے پرفیکٹ کہا جاسکتا ہے ۔اداکارہ نے مزید کہاکہ سدھارتھ ملہوترا، ورون دھون اور روہت رائے کے کردار بھی جاندار ہیں۔


جب کہ مجھے توانکل رشی کاکردار زیادہ پسند آیا۔عالیہ نے کہا کہ وہ اپنے مداحوں سے دعا کی اپیل کریں گی کیونکہ ان کی دعائیں ہی میرے لیے سب سے بڑی نعمت ہوگی ۔آیندہ فلموں کی کامیابی کے لیے اپنے کام کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کروں گی۔کرن جوہر نے جس طرح مجھے لانچ کیا ہے ان کی مہربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی ۔وقت ہی فیصلہ کرے گا کہ میری پرفارمنس اچھی رہے گی یا فلم کے شعبے کا انتخاب کرنا میرے لیے بہتر نہ تھا۔اپنے کام پر بھرپور توجہ دوں گی۔ قبل ازیں بالی وڈ باکس آفس پر عالیہ بھٹ کی فلم ''اسٹوڈنٹ آف دی ائیر'' کا بول بالا رہا۔

واضح رہے کہ اس فلم کی ریلیز کے دوسرے ہفتے بالی وڈ سینما گھروں پر تین نئی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔ پہلی مووی'' رش'' تھی جو عمران ہاشمی اور نیہا دھوپیا کی موجودگی کے باعث فلم بینوں کو پہلے چند روز تو اپنی جانب متوجہ کرپائی لیکن جلد ہی فلم کی یکسانیت نے باکس آف پر فلم کو ناکام ٹھہرا دیا۔'' رش'' کے بعد آئی ''چکرا ویوو'' جس نے علاقائی سینما گھروں پر تو کامیابی حاصل کی اور ریلیز کے پہلے ہی روز ساڑھے تین کروڑ کا بزنس کرڈالا لیکن اگلے دو روز میں فلمی ناخدائوں نے اس کو ناکامی کا سرٹیفیکیٹ دے ڈالا۔

اس ہفتے کی تیسری بڑی ریلیز تھی'' عجب غضب لو'' جس پر فلم بینوں کے ملے جلے تاثرات سامنے آئے تھے ۔ فلم کو کامیاب قرار دیا جاسکتا ہے اگراس کا مقابلہ چکرویوو اور رش سے کیا جائے۔ لیکن بھلا ہواسی اثنا میں ریلیزہونے والی ''اسٹوڈنٹ آف دی ائیر'' کا جو دو ہفتے گزر جانے کے باوجود باکس آفس پر نمبر ون قرار دی جا رہی ہے۔ فلم کی کہانی اور اداکاری دونوں فلم بینوں کو بھا رہی ہیں۔فلمی حلقوں کا کہنا ہے کہ عالیہ کی اس فلم کو نوجوانوں کی بڑی تعداد نے دیکھا اور پسند کیا ہے۔
Load Next Story