دھرم شالا میں پاک بھارت میچ کے دوران پیرا ملٹری فورسز فراہم کریں گے بھارتی وزیر داخلہ

ہماچل پردیش کے وزیراعلی درخواست کریں گے تو کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے پیرا ملٹری فورسز تعینات کی جائیں گی،راج ناتھ سنگھ

پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا معرکہ 19 مارچ کو دھرم شالہ میں ہوگا، فوٹو فائل

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دھرم شالا میں ہونے والے معرکے پر سیکورٹی وجوہات کی بنا پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے تاہم اب بھارتی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ اگر ریاست ہما چل پردیش کی حکومت نے دھرم شالا میں پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی کی درخواست کی تو اس پر فوری عمل کیا جائے گا۔


نئی دلی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ مرکز پاک بھارت میچ کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے پیرا ملٹری فورسز فراہم کرے گی تاہم اس بات کا فیصلہ ریاستی حکومت کی درخواست پر کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہما چل پردیش کے وزیر اعلی کہیں گے تو کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے پیرا ملٹری فورسز تعینات کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ ہما چل پردیش کے شہر دھرم شالا میں 19 مارچ کو پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا تاہم ریاستی حکومت نے پاکستانی ٹیم کوسیکیورٹی فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ سے میچ کسی اورمقام پر منتقل کرنے کا کہا ہے جب کہ کانگریس نے بھی پاک بھارت میچ کی مخالفت کرتے ہوئے مظاہروں کا اعلان کررکھا ہے۔
Load Next Story