رائیونڈ تبلیغی اجتماع حاجی عبدالوہاب کے بیان سے شروع

امریکا ، یورپ ، افریقہ ، ایشیا،بھارت سمیت دنیا بھر سے لاکھوں افراد اور علما پہنچ گئے

دہشتگردی سے بچنے کیلیے پنڈال کے گرد خندق کھود کر پانی ڈال دیا گیا،ہزاروں لٹھ بردارموجود. فوٹو اے پی پی

رائے ونڈ میں سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کاپہلا مرحلہ جمعرات بعدازنماز عصر امیر تبلیغی جماعت پاکستان حاجی عبدالوہاب کے بیان سے شروع ہوگیا۔


جس کے بعد مولانامحمد سعد کا خصوصی بیان ہوا۔ تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلے میں شرکت کیلیے امریکا ، یورپ ، افریقہ ، ایشیاء اوربھارت سمیت دنیا بھر سے لاکھوں افراد اور علمائے کرام رائے ونڈ پہنچ گئے ہیں۔ تبلیغی اجتماع کیلیے بنایا گیا پنڈال مکمل کر لیا گیا،جس میں 10لاکھ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ پنڈال میں ہمیشہ کی طرح حلقہ بندیاں کی گئی ہیں اور بانسوں کے اوپر علاقوں کا نام لکھا گیا ہے، عارضی وضو گاہیں تیار کی گئی ہیں، دہشت گردی سے بچنے کے لیے پنڈال کے ارد گرد خندق کھود کر اس میں پانی ڈال دیا گیا ہے،ہزاروں لٹھ بردار اجتماع گاہ میں پھیلے ہوئے ہیں۔

تمام راستوں پر بانسوں کے پھاٹک بنائے گئے ہیں۔تبلیغی جماعت کی فورس پنڈال کے اردگرد ذکر اور حفاظتی دعائیں کر رہی ہیں۔ تمام محکمہ جات نے ہر قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے اور مندوبین کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلیے تیاری کر لی ہے۔ محکمہ صحت کی طرف سے 6ڈسپنسریاں اورمنی اسپتال نے سروس فراہم کرنا شروع کردی ہے۔ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلیے محکمہ داخلہ و آئی جی پنجاب نے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
Load Next Story