امریکا کا مختلف ممالک میں ڈرون حملوں کی تفصیلات جاری کرنے کا اعلان

تفصیلات میں عراق ، شام اور افغانستان کے علاوہ دنیا میں کیے گئے تمام حملوں کے اعداد و شمار شامل ہوں گے

امریکی صدر کی مشیر نے رپورٹ کے اجراء کی کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی فوٹو؛ فائل

امریکا نے افغانستان ، عراق اور شام کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں کئے گئے ڈرون حملوں کی تفصیلات جاری کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

واشنگٹن میں خارجہ امور کی کونسل سے خطاب کے دوران امریکی صدر کی مشیر برائے انسداد دہشت گردی لیزا موناکو نے کہا کہ اوباما انتظامیہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران 2009 سے ڈرون حملوں میں مارے جانے والے جنگجو اور عام شہریوں کی تفصیلات اور دیگر انسداد دہشت گرد کارروائیوں کا جائزہ پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت کو اس بات کا ادراک ہے کہ یہ عمل ہمارے اتحادیوں کے ساتھ وسیع شراکت داری اور انسداد دہشت گردی کی قانونی حیثیت کو برقرار رکھنے کے لئے بہترین ہے۔


دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے کہا ہے کہ انتہا پسند تنظیمیں ہمارے اقدامات کے بارے میں ایسی داستانیں سناتی ہیں جو کہ بالکل بھی درست نہیں۔ اعدادوشمار کی اشاعت اور مزید شفافیت سے ہم یہ واضح کر سکتے ہیں کہ ہم اپنی کارروائیوں میں شہریوں کو کم سے کم نقصان پہنچنے کے پالیسی سے متعلق صرف زبانی جمع خرچ نہیں کرتے۔

واضح رہے کہ امریکی اعداد و شمار کے مطابق 2006 سے اب تک پاکستان میں 389 ڈرون حملے کئے گئے ہیں جن میں 2 ہزار 797 انتہا پسند اور ان کے ساتھی جب کہ 158 عام شہری ہلاک ہوئے ہیں جب کہ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں دہشت گردوں کے مقابلے میں عام شہریوں کا جانی نقصان کئی گنا زیادہ ہے۔
Load Next Story