کراچی میں لاپتہ افراد کی بازیابی میں تیزی 28 کاسراغ لگالیاگیا

پولیس ودیگرتحقیقاتی اداروں نے بازیاب افرادکی رپورٹس مسنگ پرسنز کمیشن کوفراہم کردی

28افرادمیں سے کچھ گھر پہنچ گئے جبکہ دیگرکی جیلوں میں موجودگی ظاہر کی گئی ہے فوٹو فائل

کراچی سے لاپتہ ہونے والے افرادکی بازیابی میں تیزی آگئی،28 نوجوانوں کاسراغ لگالیاگیا، 12مسنگ پرسنزکے کیسز بند کردیے گئے۔

ایکسپریس کو دستیاب مسنگ پرسنز کمیشن کی رپورٹ کے مطابق جنوری 2016سے8مارچ تک28 لاپتہ نوجوانوں کاسراغ لگا لیا گیاہے۔ پولیس ودیگر تحقیقاتی اداروں نے بازیاب اورسراغ لگائے جانیوالے افراد کی رپورٹس مسنگ پرسنز کمیشن کو فراہم کردی ہے۔ذرائع کے مطابق کئی ماہ سے لاپتہ 11 افراد جنوری میں ٹریس ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اس سال 25 جنوری کولاپتہ 4 افراد محمد کاشف،محمد کامران،محمد صالحین اور شکیل کا سراغ لگایا گیا جبکہ فروری میں فاروق بیگ،حبیب اللہ سمیت 15 لاپتہ افراد گھروں کوپہنچ گئے۔


تحقیقاتی اداروں کی رپورٹ کے مطابق مارچ میں گلستان جوہر سے لاپتہ محمدعلی سمیت 2 افراد بازیاب ہوئے،سراغ لگائے جانیوالے28 افراد میں کچھ گھروں کو پہنچ گئے جبکہ مختلف مقدمات میں مطلوب کئی لاپتہ افراد کی جیلوں میں موجودگی ظاہر کی گئی ہے۔

مسنگ پرسنز کمیشن ذرائع کے مطابق صرف مارچ کے مہینے میں 84 لاپتہ افراد کے کیسز کا جائزہ لیا گیاجن میں سے18 لاپتہ افرادکے کیسز صوبائی ٹاسک فورس کوبھیج دیے گئے جبکہ 47 کاسراغ نہیں لگایا جا سکا۔کمیشن کی رپورٹ کے مطابق جنوری سے مارچ کے دوران 3 لاپتہ نوجوانوں کی لاشیں ملیں اور12 لاپتہ افراد کے کیسزاہل خانہ کی جانب سے نامکمل دستاویز،ایڈریسزپیش کرنے اور مختلف مقدمات میں مفرور ہونے کی بنا پر بند کردیے گئے۔
Load Next Story