کوئی ماں کے پیٹ سے ’’را‘‘ کا ایجنٹ نہیں بنتا دیکھا جائے انہیں اس راہ پر کس نے لگایا مصطفیٰ کمال

ہم لوگوں کے دلوں میں نفرت ڈالنے نہیں بلکہ جوڑنے آئے ہیں اور ہمارا پیغام پیار، محبت اور بھائی چارہ ہے،مصطفیٰ کمال

ہم لوگوں کے دلوں میں نفرت ڈالنے نہیں بلکہ جوڑنے آئے ہیں اور ہمارا پیغام پیار، محبت اور بھائی چارہ ہے،مصطفیٰ کمال۔ فوٹو: آن لائن

ایم کیوایم کے منحرف رہنما اور سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ میں ارباب اختیار، حکومت اور ریاستی اداروں سے کہنا چاہتا ہوں کہ دیکھا جائے کہ لوگوں کو کس نے دہشت گرد اور 'را' کا ایجنٹ بنایا کیوں کہ یہ لوگ ماں کے پیٹ سے دہشت گرد پیدا نہیں ہوئے بلکہ ان کی 'برین واشنگ' کر کے جرم کی دنیا میں لایا گیا۔





کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کے دلوں میں نفرت ڈالنے نہیں بلکہ جوڑنے آئے ہیں اور ہمارا پیغام پیار، محبت اور بھائی چارہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی پرچم کا ہر علمبردار ہمارا ساتھی ہوگا اور ہم اپنے ساتھیوں کو تلقین کرتے ہیں کہ مخالفین کو بھی گلے لگایا جائے، مخالفین سے اختلاف رکھا جائے لیکن نفرت نہ کی جائے، عوام کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہماری بات پر اعتماد کیا، بھرپور عوامی اعتماد نے ہمارے کاندھوں پر ایک نئی ذمہ داری ڈال دی ہے، اپریل کے دوسرے ہفتے میں جلسہ عام کی تیاری کر رہے ہیں، اس وقت کوئی دعویٰ نہیں کرتا لیکن پوری قوم اور میڈیا خود دیکھ لے گی۔






فاروق ستار کے الزامات کے حوالے سے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ فاروق ستار میرے بڑے بھائی ہیں ان کی بہت عزت کرتا ہوں، ان جیسے عظیم انسان بہت کم ہیں، وہ بہت معصوم ہیں اور انہیں پارٹی میں ہی رہنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خوش قسمت ہیں یہ اسیرکارکن کہ پارٹی نے انھیں قبول تو کیا لیکن میں ارباب اختیار، حکومت اور ریاستی اداروں سے کہنا چاہتا ہوں کہ دیکھا جائے کہ ان لوگوں کو کس نے دہشت گرد اور 'را' کا ایجنٹ بنایا، یہ لوگ ماں کے پیٹ سے دہشت گرد پیدا نہیں ہوئے بلکہ ان کی 'برین واشنگ' کر کے جرم کی دنیا میں لایا گیا، جس طرح پہاڑوں پر رہنے والوں کو واپس قومی دھارے میں شامل کیا گیا اس طرح ان لوگوں کو بھی معاشرے کا حصہ بنایا جائے۔





خوش اور فٹ رہنے سے متعلق مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ خوش رہنے کا راز برائیوں سے دور ہونا، اچھائی کے کام کرنا اور لوگوں کو مارنے کے بجائے محبت کی بات کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم لاہور، پشاور، کوئٹہ، گلگت بلتستان، حیدر آباد اور کشمیر سمیت پورے ملک میں جائیں گے اور لوگوں کے دلوں کو جوڑیں گے۔

Load Next Story