حقوق نسواں بل ہر اس عورت کےلئے ہے جس پر ظلم ہو رانا ثنا اللہ

جو بھی حقوق نسواں بل کی خلاف ورزی کرے گا وہ قانونی شکنجے میں آئے گا، وزیر قانون پنجاب

چوہدری پرویزالہیٰ وزیراعلیٰ پنجاب سے حسد میں جلتے رہیں گے، رانا ثنا اللہ فوٹو: فائل

وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کہتے ہیں کہ حقوق نسواں بل صرف میاں بیوی کےتعلق تک محدود نہیں بلکہ یہ ہر اس عورت کے لئے ہے جس پر ظلم ہوا ہے۔

فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حقوق نسواں بل صرف میاں بیوی کےتعلق تک محدود نہیں۔ یہ ہر اس عورت کےلئے ہے جس پر ظلم ہوا ہے، کیا عورتوں کے چہروں پر تیزاب پھینکا جانا چاہیے، کیا خواتین کی ہڈیاں توڑی جانی چاہئیں۔ اس قسم کے مسائل کی روک تھام کے لیے ہی ویمن پروٹیکشن بل لایا گیا ہے،جو بھی اس بل کی خلاف ورزی کرے گا وہ قانونی شکنجے میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ علمائے دین سے مشاورت کے بعد حقوق نسواں بل میں ترمیم کی جائے گی۔


وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ چوہدری پرویز الہیٰ وزیراعلیٰ پنجاب سے حسد میں جلتے رہیں گے، وہ جو خواب دیکھ رہے ہیں وہ کبھی پورے نہیں ہوں گے۔ نیب پنجاب میں متحرک ہے، وہ نیب کوخود انکوائری کی دعوت دے رہے ہیں۔ نیب پنجاب بینک اسکینڈل پر بھی کام کرے گی، پنجاب بینک میں 50 ارب کا فراڈ پرویزالٰہی کے کہنے پر ہوا، اس اسکینڈل میں چوہدری پرویز الہیٰ کو ہتھکڑیاں لگ سکتی ہیں۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں کی بغاوت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو کراچی کا امن عزیز ہے چاہے وہ ایم کیو ایم کی صفائی سے ہو یا کچرے کی صفائی سے ہو۔

Load Next Story