ملک بچانے کے لیے مشترکہ لائحۂ عمل بنانا ہوگاڈاکٹر عبدالقدیر

ڈاکٹر عبدالقدیرکے اندر ایک انقلابی موجود ہے، انھیں ملک کاصدر ہوناچاہیے،منورحسن.

فوٹو: فائل

تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ و محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہاہے کہ ملک کو تباہی سے بچانے کیلیے مشترکہ لائحۂ عمل بنانا ہوگا۔


قبل اس کے کہ روٹی،کپڑے اور مکان کی طرح عوام کو کھانے کے لیے گھاس بھی میسر نہ ہو، محب وطن جماعتوں کوگرینڈ الائنس تشکیل دینا ہو گا، جماعت اسلامی قوم کو متحد کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،انھوں نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں امریکی پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، حکمرانوں کا کعبہ مکہ نہیں واشنگٹن میں ہے،ملکی حالات انتہائی گھمبیرہیں اور اقتدار پر قبضہ گروپ قابض ہے،کراچی میں قتل عام جاری ہے، بلوچستان کے حالات دن بدن خرابی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔وہ جمعے کومنصورہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہاکہ ملک میں وسائل کی کمی نہیں ۔ یہاں سوئی تک نہیں بنتی تھی، ایٹم بم اور میزائل بنا کر ملکی دفاع کو ہمیشہ کے لیے ناقابل تسخیر بنادیا۔ڈاکٹر قدیرخان نے کہاکہ میں گرینڈ الائنس کے لیے نوازشریف اور عمران خان سے بھی ملاقات کروں گا۔ قبل ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان منورحسن نے منصورہ آمد پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان فرد واحد نہیں،اپنی ذات میں انجمن ہیں۔ ان کے اندر ایک انقلابی موجود ہے۔ انھوں نے کہاکہ ڈاکٹر صاحب کو پاکستان کا صدر ہوناچاہیے تھا مگر یہ دس پرسنٹ نہیں لہٰذا صدارت کے منصب جلیلہ پر فائز نہیں ہوسکتے۔
Load Next Story